تلگودیشم کے اقلیتی کنونشن سے قبل مسلم اقلیتوں کی گرفتاری

انسانی حقوق کمیشن سے مسئلہ رجوع ، پولیس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ : ایچ اے رحمن
حیدرآباد /5 ستمبر ( سیاست نیوز ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے گذشتہ ماہ 28 اگست کو برہمانندا ریڈی اسٹیڈیم واقع گنٹور ٹاون میں چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے منعقدہ اقلیتوں کے جلسہ عام کے موقع پر بعض مسلم قائدین کو غیر قانونی طور پر گرفتار کرنے کا الزام عائد کیا اور اس گرفتاری کے خلاف جنرل سکریٹری وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر ایچ اے رحمن نے آندھراپردیش ریاستی انسانی حقوق کمیشن سے رجوع ہوکر غیر قانونی گرفتاری کی شکایت کی اور ذمہ داران پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی اعلی عہدیداروں کو ہدایت دینے کی پرزور اپیل کی ۔ آندھراپردیش ریاستی انسانی حقوق کمیشن نے اس شکایتی درخواست کو تحقیقات کیلئے قبول کرتے ہوئے غیر قانونی گرفتاریوں کے عائد کئے گئے الزامات پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گنٹور اربن کو نوٹس جاری کی اور فی الفور ان نوٹسوں کا جواب دینے کی بھی ہدایات دیں ۔