تلگودیشم کو کسی بھی سیاسی پارٹی سے کوئی ڈر و خوف نہیں

اپوزیشن جماعتوں کی تنقید پر وزیر وائی راما کرشنوڈو کا ردعمل
حیدرآباد یکم / نومبر ( سیاست نیوز ) وزیر فینانس آندھراپردیش مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے اپوزیشن جماعتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ ریاست میں تلگودیشم کو کسی بھی سیاسی پارٹیوں سے کوئی ڈر و خوف اور دھوکہ ہرگز نہیں ہے ۔ کیونکہ ملک کے موجودہ سیاسی حالات و عام حالات کو سمجھ لینے والے عوام نے تلگودیشم پارٹی کو بھاری ذمہ داری سونپی ہے ۔ اور ملک کا تحفظ کرنے کی ذمہ داری ہر ایک کی ہے ۔ لہذا اسی کے ایک حصہ کے طور پر کون کن سے ملاقات کر رہے ہیں ۔ اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ بلکہ ملک کا تحفظ کرنا اہمیت رکھتا ہے ۔ مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی بی جے پی حکومت ملک میں عوامی جمہوریت کا خون کر رہی تھی ۔ جس کی وجہ سے ہی تلگودیشم پارٹی نے این ڈی اے ( بی جے پی حکومت ) سے اپنی علحدگی اختیار کرلی ۔ انہوں نے مرکزی بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا کہ ملک بھر میں بی جے پی حکومت غیر بی جے پی حکومتوں کو ہر لحاظ سے نہ صرف پریشان کن حالات سے دوچار کر رہی ہے بلکہ مکمل طور پر امتیازی برتاؤ کر رہی ہے ۔ جس کی وجہ سے غیر بی جے پی ریاستی حکومتوں بالخصوص ریاست آندھراپردیش وغیرہ کو انصاف حاصل نہیں ہو رہا ہے ۔ اس طرح ان تمام حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلگودیشم نے بی جے پی کے خلاف جدوجہد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ دنوں میں ملک کا تحفظ کرنے کے مقصد سے غیر بی جے پی پارٹیوں سے ملاقات کرکے دوبارہ ان تمام غیر بی جے پی جماعتوں کو بی جے پی کے خلاف متحد کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔