تلگودیشم کو ووٹ ‘ ترقی کیلئے ووٹ ہوگا

نائیڈو سیما آندھرا کو سنگا پور بنادیں گے : سابق وزیر پشپا راج

حیدرآباد ۔ 2 ؍ مارچ ( سیاست نیوز) ریاست میں آئندہ لوک سبھا و اسمبلی انتخابات میں تلگودیشم کو ووٹ دیں گے تو صدر تلگودیشم مسٹر این چندرابابونائیڈو سیما آندھرا علاقہ کو ترقی دے کر سنگاپور بنائیں گے ۔ جبکہ وائی ایس آر کانگریس کو ووٹ دیں گے تو صدر وائی ایس آر کانگریس مسٹر جگن موہن ریڈی سیما آندھرا علاقہ کو ترقی دینے کے بجائے سیما آندھرا کو فروخت کر کے سنگاپور کو خرید لیں گے ۔ آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینئر تلگودیشم قائد و سابق وزیر مسٹر جے آر پشپاراج نے بتایا کہ ریاست میں سابق چیف منسٹر ڈاکٹر راج شیکھرریڈی کی حکومت کے دوران جگن موہن ریڈی نے کرپشن و بے قاعدگیوں کے ذریعہ کافی دولت کما رکھی ہے اور اس دولت کے علاوہ سیما آندھرا کو آئندہ دنوں میں وہ فروخت کرنے اپنی اس دولت سے سنگاپور کو خرید لینے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔

لہذا جگن کے منصوبوں سے سیما آندھرا کے عوام سے چوکس و چوکنا رہنے کی ضرور پر زور دیا ۔ مسٹر پشپا راج نے کہا کہ او ایم سی معدنی ذخائر کی کھدوائی کے کیس میں جیل میں رہنے والے گالی جناردھن ریڈی کو جیل سے باہر لانا مسٹر جگن موہن ریڈی کا مسز سونیاگاندھی کے ساتھ طئے پائے معاہدہ کا ایک حصہ ہے ۔ انہوںنے وائی ایس آر کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس کو سیما آندھرا کے عوام سبق سکھائیں گے ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ انتخابات میں اگر وائی ایس آر کانگریس کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے تو عوام کو ان سے ملاقات کرنے تہار جیل یا چنچل گوڑہ جیل جا نا پڑے گا ۔