تلگودیشم کارکنوں کی معاشی امدادکیلئے فنڈ کا قیام

حیدرآباد۔ /28مئی، ( پی ٹی آئی) تلگودیشم پارٹی نے اپنے ضرورتمند کارکنوں کو مالی امداد فراہم کرنے کیلئے 20کروڑ روپئے کے کارپس فنڈ کے ساتھ ایک خصوصی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے ساتھ ہی اس قسم کا کوئی فنڈ قائم کرنے والی وہ ملک کی پہلی سیاسی جماعت بن گئی ہے۔ تلگودیشم پارٹی کے سالانہ اجلاس ’ مہاناڈو‘ نے اپنے صدر این چندرا بابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش کی طرف سے پیش کردہ اس تجویز کو منظور کرتے ہوئے یہ فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا۔

نارا لوکیش نے آج مہاناڈو سے پہلی مرتبہ خطاب کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے اپنے بیٹے کی تجویز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ ایک چھوٹی سی تجویز تھی جو لوکیش نے پیش کی لیکن اس سے پارٹی کے لاکھوں کارکنوں کو فائدہ پہنچے گا۔‘‘ لوکیش جنہوں نے حالیہ انتخابات میں اپنی پارٹی کیلئے طوفانی مہم چلائی تھی مہاناڈو میں پہلی مرتبہ مندوبین سے خطاب بھی کیا۔ لوکیش نے کہا کہ’’ میں اُن لاکھوں ٹی ڈی پی کارکنوں کے آگے اپنا سر جھکاتا ہوں جنہوں نے گذشتہ 33سال سے اپنی پارٹی کے پرچم کو بلند رکھا ہے، یہ پارٹی ہمیشہ آپ کے ساتھ رہی ہے اور ہمیشہ آپ کے ساتھ رہے گی۔ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ سب کو نہ صرف سیاسی طور پر بلکہ معاشی طور پر بھی مستحکم بنایا جائے گا۔‘‘ لوکیش کے ان ریمارکس پر پارٹی قائدین اور ورکروں نے گرمجوشی کے ساتھ تالیاں بجاتے ہوئے استقبال کیا۔ چندرا بابو نائیڈو کے اکلوتے بیٹے لوکیش نے کہا کہ ان کے کوئی بھائی بہن نہیں ہیں ’’ لیکن ٹی ڈی پی ورکرس ہی میرے بھائی بہن ہیں‘‘۔

لوکیش نے جو چندرا بابو نائیڈو کا ہیرٹیج ڈیری بزنس چلاتے ہیں کہا کہ ’’ ایک طویل مدت کیلئے ہمیں اپنے پارٹی ورکروں کی تعلیم، صحت اور شادی کیلئے معاشی ضروریات سے نمٹنے ایسے فنڈ کے قیام کی ضرورت تھی، مجھے توقع ہے کہ پارٹی اس ضمن میں کوئی فیصلہ کرے گی۔‘‘ چندرا بابو نائیڈو نے اس موقع پر پارٹی قائدین اور کارکنوں میں جوش و خروش کو محسوس کرتے ہوئے خصوصی فنڈ کے قیام کا بروقت اعلان کردیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ’’ پارٹی میں دولت مند قائدین ہیں اور غریب کارکن بھی ہیں، دولت مندوں کو چاہیئے کہ وہ غریبوں کی مدد کیلئے فنڈز فراہم کریں۔‘‘ چندرا بابو نائیڈو نے اس موقع پر یہ اعلان بھی کیا کہ حالیہ عرصہ کے دوران تلگودیشم پارٹی کو 14کروڑ روپئے کے عطیات موصول ہوئے ہیں۔