تلگودیشم پارٹی 2019 انتخابات میں اقتدارحاصل کرے گی : وینوگوپال

ٹی آر ایس حکومت عوام کو صرف دھوکہ دے رہی ہے : گنیش گپتا
حیدرآباد ۔29مارچ ( سیاست نیوز) شمس آباد میں تلگودیشم پارٹی کے قیام کے موقع پر بس اسٹانڈ چوراہے پر پارٹی پرچم لہرایا گیا ۔ بی وینوگوپال تلگودیشم جنرل سکریٹری نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ تلگودیشم پارٹی کا قیام 29 مارچ 1982ء کو آنجہانی این ٹی راما راؤ نے کیا ۔ ریاست کی ترقی کیلئے انہوں نے پارٹی قائم کرتے ہوئے تمام طبقات کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے ریاست کو ترقی کی طرف لے گئے ۔ آندھرا اور تلنگانہ علحدہ ہونے کی وجہ سے کچھ وقت کیلئے تلنگانہ میں پارٹی کمزور پڑگئی تھی لیکن اب پارٹی پہلے کی طرح مضبوط ہوگئی اور 2019ء انتخابات میں تلگودیشم دوبارہ اقتدار پر آئے گی ۔ کچھ قائدین اپنے ذاتی مفاد کیلئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی جس سے پارٹی پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا ۔ ریونت ریڈی کی قیادت میں پارٹی کام کرتے ہوئے آئندہ سال مزید مضبوط ہوگی  ۔ آر گنیش گپتا آرگنائزنگ سکریٹری نے کہا کہ تلگو کے نئے سال کے موقع پر تلگودیشم پارٹی قائم ہوئی تھی ۔ ریاست کی ترقی ہمارا پہلا کام ہوگا ۔ ٹی آر ایس حکومت عوام سے صرف زبانی وعدے کرتے ہوئے گمراہ کررہی ہے اور عوام بھی ان کی تمام حرکتوں سے واقف ہوچکے ہیں ۔ تلنگانہ تحریک میں ریاست کے ہر فرد نے حصہ لیا لیکن اس کا تمام سہرا کے چندر شیکھر راؤاور ان کا خاندان ہی لے رہا ہے ۔ کے سی آر صرف جھوٹے اعلانات کرتے آرہے ہیں ‘ اس سے عوام واقف ہوچکی ہیں ۔ پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے تلگودیشم پارٹی کا ہر رکن ایک سپاہی کی طرح کام کرتے ہوئے انتخابات تک پارٹی کیلئے کام کر کے اقتدار پر لائے گا ۔ محمد جہانگیر خان کوآپشن ممبرس اسوسی ایشن ضلع صدر نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ 2019ء انتخابات میں تلگودیشم اقتدار پر آئے گی اور تب ہی نوجوانوں کو روزگار ‘ غرباء کو اسکیمات ‘ کسانوں کو ان کا حق اور تمام طبقات کی ترقی ہوگی ۔ کے چندر شیکھر راؤ صرف اعلانات کررہے ہیں عمل نہیں ۔ عمل کرنے سے ریاست کی ترقی ہوگی  ۔ جہانگیر خان نے کہا کہ راجندر نگر حلقہ سے  تلگودیشم  امیدوار ہی کامیاب ہوگا ۔ اس پروگرام میں کمار گوڑ ‘ سبھاش گوڑ ‘ محمد امجد ‘ حفیظ الدین ‘ ہنومنت مدیراج ‘ سدھاکر گوڑ کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔