تلگودیشم نے حیدرآباد میں فرقہ وارانہ امن کو یقینی بنایا تھا:چندرا بابو

حیدرآباد /29 مئی ( این ایس ایس ) تلگودیشم پارٹی کے صدر اور آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج دعوی کیا کہ وہ تلگودیشم پارٹی ہی ہے جس نے غیر منقسم آندھراپردیش میں امن و قانون اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا تحفظ کیا تھا ۔ آندھراپردیش میں امن و قانون کی صورتحال پر تلگودیشم مہاناڈو نے قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگو دیشم کے دور اقتدار میں حیدرآباد میں مثال امن و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا کریڈٹ ان کی پارٹی کو ہی جاتا ہے ۔ کانگریس کی حکمرانی پر تنقید کرتے ہوئے تلگودیشم صدر نے کہا کہ کانگریس حکومت گذشتہ 10 سال کے دوران امن و قانون کی برقراری میں بری طرح ناکام ہوگئی تھی ۔ آنجہانی راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں تلگودیشم کے سرکردہ لیڈر پریٹالہ روی کا قتل کیا گیا انہوں نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین اور سرخ صندل کے اسمگلروں کے مابین اندرونی گٹھ جوڑ کا الزام بھی عائد کیا ۔