تلگودیشم میں لوکیش سرگرم رول ادا کریں گے

چندرابابو نائیڈو نے اپنے بیٹے کو ٹی ڈی پی ورکرس فنڈ کا کوآرڈی نیٹر مقرر کردیا

حیدرآباد 17 جون (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے چیف منسٹر اور تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرابابو نائیڈو نے اپنے بیٹے لوکیش کو آج تلگودیشم پارٹی کے ورکرس ویلفیر فنڈ کا کوآرڈی نیٹر مقرر کیا ہے، جس کے ساتھ ہی لوکیش کو پہلی مرتبہ تلگودیشم پارٹی کی سرگرمیوں میں ایک راست اور سرگرم رول دے دیا گیا ہے۔ تلگودیشم پارٹی نے گزشتہ ماہ اپنے سالانہ مہاناڈو میں 20 کروڑ روپئے پر مشتمل کارپس فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا تاکہ ضرورت مند پارٹی ورکرس کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ درحقیقت یہ فنڈ لوکیش کی ذہنی اختراع ہے جس کا اُنھوں نے مہاناڈو سے اپنے پہلے خطاب کے دوران اعلان کیا تھا۔ اس فنڈ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پارٹی کے علمبرداروں کی ہنگامی ضروریات کے علاوہ تعلیم، طبی دیکھ بھال اور دیگر ضروریات کے لئے مالی امداد فراہم کی جائے۔ چندرابابو نائیڈو نے اپنے بیٹے لوکیش کے اِس نظریہ سے اتفاق کرتے ہوئے فی الفور 20 کروڑ روپئے پر مشتمل کارپس کے ساتھ فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اِس فنڈ سے تلگودیشم پارٹی کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لئے استفادہ کیا جائے گا۔ اِس ضمن میں آج کے اعلان کے مطابق لوکیش کو کوآرڈی نیٹر مقرر کیا گیا ہے جو فنڈ چلانے کے ضابطوں کو قطعیت دیں گے۔ ٹی ڈی پی پروگرام کمیٹی کے چیرمین وی وی چودھری نے آج یہاں کہاکہ ’’ہمارے صدر نے لوکیش سے کہا ہے کہ وہ سینئر تلگودیشم قائدین اور کارکنوں کے ساتھ رابطے کے ذریعہ فنڈس چلانے کے لئے رہنمایانہ خطوط اور ضابطوں کی تدوین کریں۔ جس کی بنیاد پر ایک لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ جس کے مطابق فنڈ سے استفادہ کیا جائے گا‘‘۔ یہ پہلا راست رول رہے گا جو لوکیش تلگودیشم میں ادا کریں گے۔ یہ اور بات ہے کہ گزشتہ چند سال سے وہ پس پشت رہتے ہوئے پارٹی کے اہم اُمور میں کلیدی رول ادا کررہے تھے۔ بالخصوص کلیدی حکمت عملی کی ترتیب میں اپنے والد کی مدد کرتے رہے ہیں۔