تلگودیشم مہاناڈو سے توجہ ہٹانے امیت شاہ کے دورہ کو اہمیت

چندر شیکھر راؤ پر ریونت ریڈی کی تنقید۔ ٹی آر ایس کی کامیابی سے متعلق سروے مسترد
حیدرآباد۔ 28 مئی (سیاست نیوز) کارگزار صدر تلنگانہ تلگو دیشم اے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کو ہدف ملامت بتایا اور الزام عائد کیا کہ کے چندر شیکھر راؤ نے صدر بی جے پی امیت شاہ کو غیرمعمولی اہمیت دیتے ہوئے پریس کانفرنس طلب کی تاکہ تلنگانہ تلگو دیشم کے مہاناڈو اور صدر تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو کی تقریر پر کوئی توجہ و اہمیت نہ دے سکیں۔ تلگو دیشم کی اہمیت کو گھٹانے کی چندر شیکھر راؤ نے ناکام کوشش کی ۔ ریونت ریڈی وشاکھاپٹنم میں جاری تلگو دیشم کے مہاناڈو پروگرام میں شرکت کررہے ہیں۔ وہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ تلگو دیشم کے مہاناڈو سے متعلق رپورٹ چیف منسٹر کو وصول ہونے کے ساتھ کے سی آر اچانک سرگرم ہوگئے اور عوام کے ردعمل اور کثیر تعداد میں عوام کی شرکت کو دیکھتے ہوئے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محض چندرا بابو نائیڈو کی تقریر سے عوامی توجہ ہٹانے کے مقصد سے جلد بازی میں پریس کانفرنس طلب کرکے امیت شاہ کی اہمیت میں اضافہ کیا اور چندرا بابو کی تقریر کا لائیو کوریج کو روکنے کی حکمت عملی اختیار کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کی دیہی علاقوں میں گھٹتی مقبولیت کے پیش نظر سروے کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے کے سی آر ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں اور ٹی آر ایس کے قائدین و کارکنوں میں مایوسی کو ختم کرنے اور ان میں ہمت باندھنے ٹی آر ایس کو 111 اسمبلی نشستوں پر کامیابی کا ڈھنڈورا پیٹھ رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پورو باٹا پروگرام ، کسانوں کو ہتھکڑیاں ڈالنے کے واقعات ، دھرنا چوک کی منتقلی  کے خلاف جاری احتجاج سے کے سی آر پریشان ہیں اور اپنا ذہنی توازن کھوتے ہوئے من مانی باتیں کررہے ہیں جو ایک چیف منسٹر کیلئے زیب نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کتنے ہی سروے کروالیں، آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس اقتدار کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ انہوں نے تلنگانہ تشکیل پانے پر تلنگانہ عوام کے جذبات سے کھیل کرکے جذباتی اساس پر ووٹ لئے تھے لیکن اب وہ ان جذبات سے کھیل نہیں سکیں گے، کیونکہ گزشتہ انتخابات میں عوام سے کئے کسی وعدے کو کے سی آر پورے نہیں کرسکے جس کی وجہ سے انہیں بہرصورت شکست سے دوچار ہونا پڑیگا۔