عنقریب ٹی آر ایس میں شمولیت کا امکان
حیدرآباد۔/22اگسٹ، ( سیاست نیوز) کھمم ضلع سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم کے سینئر قائد اور سابق وزیر تملا ناگیشور راؤ بہت جلد ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں بہت جلد تاریخ کا تعین کرلیا جائے گا۔ ضلع کھمم میں ٹی آر ایس کو مستحکم کرنے کیلئے ٹی ناگیشور راؤ کی شمولیت کو انتہائی اہمیت حاصل ہوچکی ہے۔ انتخابات اور حکومت کی تشکیل کے بعد سے ہی ٹی آر ایس قیادت اس بات کی کوشاں تھی کہ کھمم میں پارٹی کی جڑیں مضبوط کرنے کیلئے ٹی ناگیشورراؤ کو کسی طرح شمولیت کی ترغیب دی جاسکے۔ ٹی آر ایس ذرائع کے مطابق ٹی ناگیشورراؤ نے حالیہ عرصہ میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا اور اس ملاقات کے دوران ہی ان کی شمولیت کو کے سی آر نے ہری جھنڈی دکھائی۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی میں شمولیت کے بعد انہیں وزارت میں شامل کرنے اور اندرون چھ ماہ قانون ساز کونسل کی رکنیت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ حالیہ انتخابات میں کھمم ضلع سے ٹی آر ایس کا صرف ایک رکن اسمبلی منتخب ہوا جو سابق چیف منسٹر جلگم وینگل راؤ کے فرزند جلگم پرساد راؤ ہیں۔ گزشتہ ایک عرصہ ٹی ناگیشور راؤ اور ضلع سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم سابق ایم پی ناما ناگیشور راؤ کے درمیان اختلافات چل رہے ہیں۔ اگرچہ دونوں کا تعلق ایک ہی طبقہ سے ہے تاہم ضلع کی سیاست پر گرفت مضبوط کرنے دونوں میں زبردست رسہ کشی جاری تھی۔ ان حالات میں تملا ناگیشورراؤ نے ضلع میں اپنی سیاسی گرفت مستحکم کرنے کیلئے ٹی آر ایس کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ناگیشور راؤ کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاع ملتے ہی تلنگانہ تلگودیشم قائدین ایم وینکٹیشور راؤ اور ای دیاکر راؤ رکن اسمبلی نے ناگیشور راؤ کی قیامگاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ان قائدین نے ناگیشور راؤ سے خواہش کی کہ وہ تلگودیشم میں برقرار رہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ناگیشورراؤ نے تلگودیشم قائدین کو صاف لفظوں میں کہہ دیا کہ انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کے سی آر کی دعوت پر انہوں نے ملاقات کی تھی۔ تاہم پارٹی کیڈر اور ضلع کے قائدین سے مشاورت کے بعد ہی وہ قطعی فیصلہ کریں گے۔ انہوںنے کے سی آر پر بھی واضح کردیا کہ وہ پارٹی کیڈر کے مشورہ کے مطابق ہی فیصلہ کریں گے۔