تلگودیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کی مشروط ضمانت منظور

پاسپورٹ کی حوالگی اور کوڑنگل سے باہر نہ جانے ہائی کورٹ کا حکم، دفتر تلگودیشم میں خوشی کی لہر
حیدرآباد ۔ /30 جون (سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ اسکام میں ملوث تلگودیشم رکن اسمبلی مسٹر اے ریونت ریڈی اور دیگر دو ملزمین کی ہائیکورٹ نے مشروط ضمانت منظور کی ہے ۔ جسٹس راجا ایلنگو نے ایڈوکیٹ جنرل مسٹر راما کرشنا ریڈی اور وکیل دفاع ایڈوکیٹ لوتھرو کی بحث کے بعد آج اپنا فیصلہ سنایا ۔ ریونت ریڈی نے متعلقہ اے سی بی کورٹ کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد ہونے پر ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت داخل کی تھی اور آج انہیں راحت مل گئی ۔ ہائیکورٹ نے مشروط ضمانت منظور کرتے ہوئے ریونت ریڈی اور دیگر دو ملزمین برادر ہیری سبسٹین اور اودئے سمہا کو 5 لاکھ فی کس کی ضمانت متعلقہ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت دی ہے ۔ جبکہ تلگودیشم رکن اسمبلی کو اپنے حلقہ کوڑنگل کے باہر نہ آنے کا حکم دیا ہے اور انہیں اپنا پاسپورٹ بھی تحقیقاتی ایجنسی کے حوالے کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ عدالت نے نوٹ برائے ووٹ کیس کے ملزمین کو تحقیقاتی ایجنسی سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت دی ہے اور گواہوں پر اثر انداز نہ ہونے کیلئے کہا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ نامزد رکن اسمبلی ایل ویس اسٹیفنسن کو قانون ساز کونسل انتخابات کے دوران نوٹ برائے ووٹ کیلئے آمادہ کرنے پر مسٹر ریونت ریڈی اور دیگر دو کو تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو کو گرفتار کیا تھا ۔ مسٹر ریونت ریڈی کی ضمانت کے بعد تلگودیشم پارٹی میں خوشیوں کی لہر دوڑ گئی اور کئی جگہوں پر تلگودیشم کارکنوں نے آتش بازی کرتے ہوئے عدالت کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ۔ ریونت ریڈی کل چیرلہ پلی جیل سے رہا ہوں گے اور اس موقع پر تلگودیشم قائدین نے انہیں این ٹی آر بھون ریالی کی شکل میں منتقل کرنے کا پروگرام تیار کیا ہے ۔