تلگودیشم دور حکومت میں ہی ترقی ، ٹی آر ایس بدعنوانیوں میں ملوث

شمس آباد میں تلگودیشم کا منی مہاناڈو ، ایل رمنا کا خطاب
شمس آباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) شمس آباد میں تلگودیشم پارٹی کی جانب سے منی مہاناڈو پروگرام منعقد کیا گیا ۔ جس میں ایل رمنا تلگودیشم ریاستی صدر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے مسلمان بھائیوں کو رمضان کی مبارکباد پیش کی اور اپنی مخاطبت میں کہا کہ تلگودیشم پارٹی عوامی پارٹی ہے ۔ تلگودیشم کے دور میں ہی ریاست میں ترقی ہوتی تھی شمس آباد میں ایرپورٹ ، آوٹر رنگ روڈ ، ہائی ٹیک سٹی و دیگر پراجکٹس کو شروع کیا گیا ۔ ٹی آر ایس کے چار سالہ اقتدار میں صرف زبان وعدے کے ذریعہ ہی وقت گذارا گیا ۔ انتخابات میں کئے گئے وعدوں کی ایک وعدہ کی بھی تکمیل نہیں کی گئی ۔ 1982 میں آنجہانی این ٹی راما راؤ نے پارٹی قائم کرتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کا آغاز کیا تھا جبکہ ٹی آر ایس پر انتخابات جی ایچ ایم سی پنچایت و دیگر انتخابات کے وقت وعدے کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیکر اقتدار حاصل کرتی آئی ہے ۔ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات دینے کا وعدہ ایک بہت بڑا دھوکہ ہے ۔ رمضان میں کم قیمتوں کے کپڑے بانٹ کر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ڈبل بیڈروم مکانات ، پچھڑے طبقات کو تین ایکڑ اراضی فی گھر ایک شخص کو ملازمت کا وعدہ صرف زبانی وعدے کئے گئے ایک پر بھی عمل نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ہونے کے بعد ایک سروے کے لحاظ سے تلگودیشم 8 فیصد پر بھی جو اب 12 فیصد تک پہونچ گئی ہے اور ہمیں مزید محنت کرنی ہوگی ۔ جس سے ہمارا فیصد 36 تک پہونچ جائے ۔ کے سی آر صرف خاندان کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے دور میں لینڈ ، سینڈ مافیا کو آزادی ملی ہے ۔ لینڈ مافیا کے کئی واقعات ہے جس کو بیان کرتے ہوئے پورا وقت گذر جائے گا ۔ ٹی آر ایس نے ایک بھی خاتون کو وزارت کا عہدہ نہیں دیا ۔ جبکہ این چندرا بابو نائیڈو کے دور میں خواتین کو علحدہ اسکیمات کے ذریعہ فلاح و بہبود کیلئے کام کیا گیا ۔ اروند کمار گوڑ سنٹرل کمیٹی ممبر تلگودیشم نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ ٹی آر ایس کمیشن پارٹی میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس اور کانگریس عوام کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرتے ہوئے انہیں ہتھیلی میں جنت دکھاتی رہی ۔ ٹی آر ایس اب تک کی ملک کی سب سے ناکام حکومت ثابت ہوئی ۔ وریندر گوڑ تلگودیشم یوتھ صدر نے کہا کہ ٹی آر ایس نے 2014 انتخابات میں جھوٹے وعدے کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا اور ان کے اقتدار پر آنے کے بعد سے ریاست میں مسائل میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ کے جی تا پی جی مفت تعلیم کا اعلان جھوٹا ثابت ہوا ۔ ری ایمبریسمنٹ فیس کا اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ ایک لاکھ 12 ہزار جائیدادیں خالی ہے ان کی بھرتی نہیں کی گئی ۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ محمد محمود علی کو دیا گیا ۔ لیکن تمام اختیارات چیف منسٹر کے پاس ہی ہے ۔ ریونیو منسٹر کو صرف ربر اسٹامپ بناکر رکھ دیا گیا ہے ۔ اس اجلاس میں بی وینوگوپال ، تلگودیشم جنرل سکریٹری ، گنیش گپتا آرگنائزنگ سکریٹری ، سامارنگا ریڈی ضلع صدر ، محمد جہانگیر خان کوآپشن ممبرس اسوسی ایشن صدر کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔