تلگودیشم دور حکومت میں تعمیر کردہ سڑکوں پر ٹی آر ایس کی انتخابی مہم : ریونت ریڈی

حیدرآباد 24 جنوری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی انتخابی مہم کیلئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین جن سڑکوں پر گھوم رہے ہیں، وہ تمام سڑکیں تلگودیشم دور حکومت کی تعمیر کردہ ہیں۔ جبکہ ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آئے ہوئے دو سال مکمل ہونے کو ہیں۔ آج تک کسی سڑک کی مرمت تک نہیں کروائی جاسکی۔ آج یہاں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم کے ایک حصہ کے طور پر مختلف مقامات پر روڈ شو منظم کرتے ہوئے اپنے خطاب کے دوران کارگذار صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی نے مذکورہ اظہار خیال کیا اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ ٹی آر ایس کے ہاں پارٹی ٹکٹ دینے کیلئے امیدوار نہیں تھے جس کی وجہ سے تلگودیشم پارٹی قائدین کو اپنی جانب راغب کرکے انھیں لالچ دے کر پارٹی میں شامل کرکے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لئے پارٹی ٹکٹس دیئے گئے۔ مسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایس قائدین 100 کارپوریٹرس کی کامیابی کا چیلنج کررہے ہیں لیکن عملی طور پر کم از کم 50 بلدی وارڈس پر کامیابی حاصل کر دکھانے کا اظہار کیا۔ انھوں نے ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد میں امن و ضبط کی ابتر صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ شہر حیدرآباد میں خواتین کو کوئی تحفظ فراہم نہیں ہے اور ٹی آر ایس حکومت میں خواتین تنہا شہر کی سڑکوں پر گھومنے کے موقف میں نہیں ہیں۔ انھوں نے اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سابق تلگودیشم حکومت میں خواتین کو مکمل تحفظ فراہم تھا۔ بلکہ سابق تلگودیشم حکومت میں امن و ضبط کی صورتحال کافی بہتر تھی۔ ریاست اور شہر کے عوام پرسکون زندگی گزار رہے تھے۔ انھوں نے عوام سے تلگودیشم امیدواروں کو کامیاب بنانے کی پرزور اپیل کی۔