حیدرآباد۔/5نومبر، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش میں اصل اپوزیشن جماعت وائی ایس آر کانگریس نے تلگودیشم پارٹی کی جانب سے انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل کے خلاف آج ریاست بھر میں احتجاج منظم کیا گیا۔ وائی ایس آر کانگریس نے الزام عائد کیا کہ تلگودیشم پارٹی برسر اقتدار آنے کے باوجود کسانوں کے قرضوں کی معافی اور خواتین کے خود امدادی گروپوں کے مسائل کی یکسوئی میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی نے آندھرا پردیش کے تمام 13اضلاع کے تحت 663منڈلوں میں احتجاج منظم کرنے کی اپیل کی تھی۔ وائی ایس آر کانگریس کے سینئر لیڈر اوما ریڈی وینکٹیشورلو نے کہا کہ ’’ کسانوں، خواتین، بافندوں، وظیفہ یابوں، طلبہ، طوفان ہد ہد سے متاثرہ خاندانوں کی کثیر تعداد نے آج کے اس ریاست گیر احتجاجی پروگرام میں حصہ لیا اور حکومت کی جانب سے اپنے انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل پر شدید افسوس و برہمی کا اظہار کیا۔ کسانوں کے زرعی قرض اور خواتین کے خود امدادی گروپوں کے قرض ہنوز معاف نہیں کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں شمالی ساحلی اضلاع میں طوفان سے متاثرہ خاندان حکومت کے معاندانہ رویہ کے شکار بن رہے ہیں۔‘‘