چندرا بابو نائیڈو کی کمزوری بے نقاب،وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا الزام
حیدرآباد 6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے تلگودیشم اور بی جے پی کے مابین انتخابی مفاہمت کو انتشار پسند قوتوں کا ایسا اتحاد قرار دیا جس سے تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرا بابو نائیڈو کی کمزوری کا پتہ چلتا ہے اور کہا کہ اس اتحاد کا کوئی اخلاق تقدس نہیںہے اور وائی ایس جگن موہن ریڈی کے حق میں چلنے والی طاقتور سیاسی لہر کی رو میں اتحاد بہہ جائے گا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اوما ریڈی وینکٹیشورلو نے کہا کہ 1999 سے تلگودیشم پارٹی اور بی جے پی کے متضاد بیانات اور مفادات صرف یہ ظاہر کرتے ہیں کہ دونوں جماعتیں کمزور اخلاقی اقدار پر مبنی ہیں اور وہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی طاقتور اور تیز رفتار پیشقدمی کے آگے کامیاب نہیں ہوسکیں گے کیونکہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کو عوام کی بے پناہ تائید حاصل ہے۔ وینکٹیشورلو نے مزید کہا کہ ’’ٹی ڈی پی اور بی جے پی نے آندھرا پردیش کی تقسیم کی غیر مشروط تائید کی تھی اور ریاست کی غیر جمہوری تقسیم میں دونوں جماعتیں ساجھیدار رہی ہے بی جے پی نے بل کی تائید کی اور تلگودیشم فلور لیڈر نے اس کے حق میں پہلا ووٹ دیا اور خود چندرا بابو نائیڈو نے ریاست کی تقسیم کیلئے مکتوب روانہ کیا تھا۔