دو نوں پارٹیوںکے کارکن ہلاک، غیرمقامی افراد کی آمد پر جھڑپ
حیدرآباد، 11اپریل (سیاست نیوز ) آندھرا پردیش کے اننت پور ضلع میں تلگودیشم اور وائی ایس آرکانگریس کے کارکنوں میں تصادم کا واقعہ پیش آیا۔یہ واقعہ ضلع کے تاڑی پتری اسمبلی حلقہ میں پیش آیا جس میں دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پرسنگباری کی۔ اس سنگباری میں تلگودیشم کے کارکن ایس بھاسکر ریڈی اور وائی ایس آرکانگریس کے کارکن پُلا ریڈی ہلاک ہوگئے ۔اس واقعہ میں وائی ایس آرکانگریس کے تین کارکن بھی شدید زخمی ہوئے ۔پولیس جو وہاں موجود تھی نے صورتحال پرقابو پانے کی کوشش کی اور دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔غیر مقامی افراد کے ووٹ ڈالنے کیلئے آنے پر یہ تصادم ہوا۔