تلگودیشم اوروائی ایس آرکانگریس کی بی جے پی سے خفیہ سازباز

چار سال تک مفاہمت کے بعدمرکز سے لڑائی ایک ڈرامہ ‘ پون کلیان کی کمیونسٹ قائدین کی بات چیت

حیدرآباد ۔ 26 مارچ ( این ایس ایس ) تلگو فلم اداکار اور جنا سینا کے صدر پون کلیان نے کہا ہے کہ آندھراپردیش کو خصوصی موقف دلانے اور ریاست کی تقسیم کے ضمن میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے ان کی پارٹی اب بائیں بازو کی جماعتوں کے ساتھ جدوجہد کرے گی ۔ پون کلیان نے اپنی پارٹی کے دفتر میں سی پی آئی ( (ایم) اور سی پی آئی کے قائدین سے ملاقات کے بعد کہا کہ ’’ تلگودیشم پارٹی صرف الفاظ بدلتی رہی ہے ۔ بی جے پی ان پر کوئی توجہ دینا بھی گوارہ نہیں کررہی ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس نے بھی موثر انداز میں جدوجہد نہیں کی ‘‘ ۔ پون کلیان نے کہاکہ تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس دراصل بی جے پی سے خفیہ ساز باز کرچکے ہیں ۔ تلگودیشم ہمیشہ ہی بی جے پی حکومت کیساتھ دوستانہ رویہ اختیار کی ‘ انہوں نے تاحال کچھ نہیں کیا ۔ وائی ایس آر کا ردعمل بھی بہت کمزور رہا ۔
کسانوں ‘ طلبہ ‘ نوجوانوں اور عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکے ۔ سی پی ایم کے سکریٹری مدھو نے کہا کہ آندھراکے لئے کوئی دارالحکومت نہیں ہے ‘ صنعتیں حیدرآباد میں ہیں ‘ روزگار کے کوئی مواقع نہیں ہیں ‘ کسانوں کیلئے اقل ترین امدادی قیمت نہیں ہے ۔ آندھراپردیش پریشان کن صورتحال سے دوچار ہے ۔ ٹی ڈی پی اور بی جے پی آپس میں ڈرامہ کررہے ہیں ۔ چنانچہ مسائل کی یکسوئی کیلئے جنا سینا ‘ سی پی آئی اور سی پی ایم نے بڑے پیمانے پر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سی پی آئی کے سکریٹری راما کرشنا نے کہا کہ پانچ کروڑ عوام ناانصافی کی شکایت کررہے ہیں جس کے باوجود مودی حکومت کوئی جواب نہیں دے رہی ہی ۔ مرکز کے ساتھ فرضی معاہدہ اور چار سال کی مفاہمت کے بعد چندرا بابو نائیڈو اب بی جے پی کے خلاف لڑائی کا ڈرامہ کررہے ہیں ۔