آندھراپردیش کے ساتھ ناانصافی پرپارلیمنٹ میں احتجاج کی تائید پر زور

تلگودیشم ارکان پارلیمنٹ وفد کی ڈاکٹر کے کیشو راؤ جنرل سکریٹری ٹی آر ایس سے نمائندگی
حیدرآباد ۔15 جولائی ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے ارکان پارلیمان پر مشتمل ایک گروپ نے آج جنرل سکریٹری تلنگانہ راشٹرا سمیتی و رکن پارلیمان ڈاکٹر کے کیشو راؤ سے ملاقات کی ۔ مسٹر سوجنا چودھری اور کے نارائنا نے ریاست آندھراپردیش کے ساتھ مرکزی حکومت کی جانب سے کی جانے والی ناانصافیوں ‘ آندھراپردیش کے ساتھ کئے گئے وعدوں اور دیئے گئے تیقنات کو پورا نہ کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے وعدے کو پورا کرنے میں مرکزی حکومت کی ناکامی سے ڈاکٹر کے کیشو راؤ کو مکمل طور پر واقف کروایااور اس سلسلہ میں جاریہ ماہ شروع ہونے والے مجوزہ پارلیمانی اجلاس میں تلگودیشم کا ساتھ دینے اور بھرپور تائید کرنے کی پُرزور خواہش کی ۔ تلگودیشم ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے ریاست آندھراپردیش کو درپیش مسائل کی بغور سماعت کی اور اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ سمجھا جاتا ہیکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی پارلیمانی پارٹی اجلاس میںاس مسئلہ کو پیش کر کے تفصیلی غوروخوص کر کے اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔