تلگودیشم ارکان اسمبلی کی معطلی پر نظرثانی ناگزیر

تمام اہم اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ مطالبہ ۔ اسپیکر کا فیصلہ قابل قبول : ای راجندر
حیدرآباد۔/20مارچ، ( سیاست نیوز) تلگودیشم ارکان اسمبلی کی معطلی ختم کرنے کیلئے تلنگانہ اسمبلی میں تمام اہم اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ طور پر مطالبہ کیا۔ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ بجٹ پر تمام جماعتوں کی تجاویز حاصل کی جانی چاہیئے۔ ایسے میں ایوان میں تلگودیشم ارکان کی عدم موجودگی مناسب نہیں ہے۔ اپوزیشن قائدین نے کہا کہ معطلی کے وقت چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ایوان کو تیقن دیا تھا کہ دو تین دن گزرنے کے بعد معطلی کی برخواستگی پر غور کیا جائے گا لہذا اسپیکر کو اس سلسلہ میں فیصلہ کرنا چاہیئے۔ اپوزیشن کانگریس، بی جے پی، سی پی آئی اور سی پی ایم نے بجٹ سیشن کے اختتام تک معطلی کو نامناسب قرار دیا۔ وقفہ سوالات کے بعد بی جے پی فلور لیڈر ڈاکٹر لکشمن نے یہ مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ سارے بجٹ سیشن کیلئے تلگودیشم ارکان کی معطلی مناسب نہیں ہے اس سے ایوان میں اچھی روایت قائم نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سیشن کے دوران اپوزیشن کو معطل کرنا مناسب نہیں کیونکہ بجٹ پر انہیں بھی رائے دینے کا حق حاصل ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ تلگودیشم ارکان نے تحریری طور پر تیقن دیا کہ وہ قومی ترانہ کی توہین کے مسئلہ پر اظہار معذرت کیلئے تیار ہیں لہذا اسپیکر کو معطلی کے فیصلہ پر نظرثانی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سارے سیشن تک معطلی کی برقراری سے عوام میں غلط پیام جائے گا۔ قائد اپوزیشن جانا ریڈی نے اس تجویز کی تائید کی اور کہا کہ اس مسئلہ پر وہ چیف منسٹر سے نمائندگی کرچکے ہیں۔