تلگودیشم۔ بی جے پی مفاہمت پر آج قطعی فیصلہ

نئی دہلی۔/2اپریل، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش میں توقع ہے کہ بی جے پی کی تلگودیشم پارٹی سے انتخابی مفاہمت ہوجائے گی۔ ان دونوں جماعتوں کے مابین بات چیت قطعی مرحلہ میں پہنچ گئی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہآندھرا پردیش میں تلگودیشم سے مفاہمت کی صورت میں بی جے پی کو لوک سبھا کے13 اور اسمبلی کی 55نشستیں دیئے جائیں گے۔ بی جے پی کے ترجمان پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ’’ مذاکرات قطعی مرحلہ میں پہنچ گئے ہیں اور بات چیت میں بہتر پیشرفت ہوئی ہے‘‘۔ جاوڈیکر نے ریاست میں اپنی پارٹی کے تنظیمی اُمور کے نگران بھی ہیں نے انتخابی مفاہمت کا شادی کے بندھن سے تقابل کیا اور کہا کہ اس ضمن میں طویل بات چیت کی ضرورت ہوتی ہے

اور فی الحال ہم لڑکی دیکھ رہے ہیں، پسند آنے پر پہل کی جائے گی۔ذرائع نے کہا کہ بی جے پی آندھرا پردیش میں لوک سبھا کے 42کے منجملہ 14حلقوں اور اسمبلی کے 294کے منجملہ70 حلقوں کا مطالبہ کررہیہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ بی جے پی کو تلنگانہ میں لوک سبھا کے 17حلقوں کے منجملہ 8حلقے اور سیما آندھرا میں لوک سبھا کے 25کے منجملہ 5حلقے دیئے جائیں گے۔ 119رکنی تلنگانہ اسمبلی کیلئے بی جے پی کو 40نشستیں دی جاسکتی ہیں جبکہ 175رکنی آندھرا پردیش اسمبلی کیلئے اس پارٹی کو 15نشستیں دی جاسکتی ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے مابین بات چیت قریب الختم ہے۔ قبل ازیں تلگودیشم پارٹی مقامی بی جے پی قائدین کو ان کے مطالبہ کے مطابق نشستیں دینے کیلئے تیار نہیں تھی۔

کانگریس کے 30 ارکان اسمبلی کو ٹکٹ
حیدرآباد۔2 اپریل (این ایس ایس) سیماآندھرا کانگریس کمیٹی کے صدر این رگھو ویرا ریڈی نے کہا ہے کہ سیماآندھرا میں کانگریس کے 30 ارکان اسمبلی اور 8 ارکان لوک سبھا کو دوبارہ ٹکٹ دیئے جائیں گے۔ ان کے ناموں کو قطعیت دی جاچکی ہے۔