ادارہ سیاست کی خدمات کی ستائش ‘ مسٹر فلپ رکن اسمبلی اے پی کا خطاب
حیدرآباد 8اکٹوبر( سیاست نیوز) ادارہ سیاست کے زیر اہتمام ہر سال ایس ایس سی کوئسچن بنک شائع کر کے مفت تقسیم کئے جاتے ہیں ۔ سال حال 2018-19ء کے سکنڈ لینگویج تلگو گائیڈ ( مشقی سوالات ) کی رسم اجرائی مسٹر فلپ سی ٹاچر اینگلو انڈین نامزد ایم ایل اے آندھراپردیش کے ہاتھوں محبوب حسین جگر ہال عابڈس پر عمل میں آئی ۔ اس موقع پر مسٹرفلپ نے ادارہ سیاست کی کاوشوں کی ستائش کی اور طلبا وطالبات پر زور دیا کہ وہ اس کوئسچن بنک سے بھرپور استفادہ کریں ۔ امتحانات میں کامیابی کیلئے ایساتعلیمی مواد نہایت مفید ہوتا ہے۔ آج کا دور مسابقت کا ہے اور اچھے نشانات اور اچھے گریڈ سے کامیاب ہونا اعلیٰ تعلیم کے مواقع میں آسانیاں فراہم کرتا ہے ۔ ادارہ سیاست کے تحت ہر سال ایس ایس سی کے انگلش میڈیم اور اردو میڈیم کوئسچن بنک شائع کئے جاکر حیدرآباد اور اضلاع میں تقسیم کئے جاتے ہیں ۔ ایم اے حمید نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مختلف مضامین کے ماہرین دیرینہ تجربہ کے لحاظ سے امتحانی نقطہ نظر سے مرتب کرتے ہیں ۔ تلگو کوئسچن بنک ( مشقی سوالات) کو تلگو ٹیچر بوسٹن مشن ہائی اسکول محمد رفیع نے عرق ریزی سے تیار کیا ۔اس کوئسچن بنک کاطالب علم اگر گہرائی سے مطالعہ کرے تو تلگو سیکنڈ لینگویج میں بہ آسانی کامیاب ہوسکتے ہیں ۔ ایم اے ماجد تلگو پنڈت اسکول اسسٹنٹ نیو ماڈل ہائی اسکول نے کہا کہ ادارہ سیاست جو ایس ایس سی کے کوئسچن بنک مفت تقسیم کررہا ہے اس سے ملت کے نونہالوں کا بڑا فائدہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے عملی اقدامات کی ستائش کی اور ایس ایس سی انگلش میڈیم اور اردو میڈیم کے سیکنڈ لینگویج کا ایک ہی پرچہ ہوتا ہے اس کوئسچن بنک کو 80 نشانات کے سوالی پرچے کے مطابق ہی تیار کیا گیا ہے ۔ جناب منظور احمد نے خیرمقدم کیا اور نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ میر خالد محی الدین نے معاونیت کی ۔ اس موقع پر مختلف اسکولس کے ذمہ داران جن میں محمد عمران ( شاکر) بوسٹن مشن ہائی اسکول ‘ محمد ابراہیم جوپیٹر مشن اسکول ‘ خواجہ معین الدین گلبل گوڑہ اسکول ‘ محمد خلیل صدر مدرس موظف صفدریہ اسکول ‘ درشہوار اسکول ‘ مدینہ پبلک اسکول اور دیگر اسکولس کے ذمہ داران نے شرکت کی اور تمام شریک طلبہ کو کتب مفت مہیا کئے گئے ۔