سیما آندھرا ملازمین کو واپس بھیجنے کی وکالت : ٹی این جی اوز صدر
سنگا ریڈی ( میدک ) 8 ستمبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس یونین کے صدر دیوی پرساد نے آج واضح کیا کہ وہ کسی بھی حال میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں ریاستوں کیلئے یکساں پے رویژن کمیشن کو قبول نہیں کرینگے ۔ سنگاریڈی میں ٹی این جی اوز بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیوی پراسد نے الزام عائد کیا کہ کملناتھن کمیٹی ‘ جسے دو نئی ریاستوں کے مابین ملازمین کی تقسیم کا کام کرنے کیلئے چھ ماہ قبل تشکیل دیا گیا تھا ‘ اس مسئلہ پر غیر معمولی تاخیر کر رہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے 40,000 ملازمین کو ‘ جو تلنگانہ میں کام کر رہے ہیں ‘ کسی تاخیر کے بغیر آندھرا پردیش ریاست کو منتقل کردیا جانا چاہئے ۔ ان کی تنظیم ابتداء سے ان ملازمین کو ان کی ریاست کو منتقل کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے اور خود چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بھی بارہا کہا ہے کہ سیما آندھرا ملازمین کو تلنگانہ ریاست میں کام کرنے کا موقع نہیں دیا جائیگا ۔ ٹی این جی اوز لیڈر نے کہا کہ اگر ملازمین کی تقسیم کے عمل میں مزید تاخیر کی گئی تو اسے برداشت نہیں کیا جائیگا اور اس کے خلاف ایک نئی احتجاجی مہم شروع کردی جائیگی ۔ جنرل سکریٹری رویندر ریڈی اور ضلع صدر راجندر و دوسرے قائدین موجود تھے ۔