اخبار کے مختلف شعبوں کا معائنہ ، اسٹاف سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی کے طلبہ نے ایک روزہ مطالعاتی دورے پر روزنامہ سیاست حیدرآباد کا دورہ کیا اور اخبار کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا ۔ اخبار سیاست کے مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے اسٹاف سے ملاقات کی ۔ اخبار کی اشاعت کے طریقہ کار سے واقفیت حاصل کی ۔ اس مطالعاتی دورہ میں صدر شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی ڈاکٹر اطہر سلطانہ ، ڈاکٹر محمد عبدالقوی چیرمین بورڈ آف اسٹیڈیز شعبہ اردو ، ڈاکٹر محمد موسیٰ اقبال اسسٹنٹ پروفیسر ، ڈاکٹر گل رعنا اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی شامل تھے ۔ طلباء وطالبات نے شعبہ اشتہارات ، شعبہ انتظامیہ ، شعبہ ادارت ، شعبہ کمپیوٹر کے علاوہ پرنٹنگ پریس کا بھی تفصیلی معائنہ کیا ۔ سینئیر صحافی محمد نعیم وجاہت اور محمد مبشر الدین خرم نے طلبہ کو اخبار سیاست کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی اور اردو کے فروغ کے لیے روزنامہ سیاست کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے انہیں واقف کرایا ۔ ہونہار طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی و رہنمائی کے لیے روزنامہ سیاست کی کاوشوں پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی ۔۔