تلنگانہ یونیورسٹیز میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات

میرٹ کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب ، اعلامیہ کی عنقریب اجرائی ، بڑے پیمانے پر درخواستوں کی وصولی کا امکان

حیدرآباد ۔ 27۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست کی مختلف یونیورسٹیز میں تدریسی شعبہ کو مستحکم کرنے کیلئے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے ۔ 11 مختلف یونیورسٹیز میں اساتذہ کی 1061 جائیدادیں مخلوعہ ہیں جن پر تقررات کا عمل جلد شروع ہوگا۔ حکومت نے متعلقہ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلد از جلد ان جائیدادوں پر بھرتی کیلئے اعلامیہ جاری کریں۔ تقررات کے سلسلہ میں اسکریننگ ٹسٹ منعقد کیا جائے گا جس میں اہل قرار پانے والے امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر تقررات کیلئے طلب کیا جاسکتا ہے ۔ حکومت نے تقررات کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط وضع کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے اس سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں بتایا جاتا ہے کہ مختلف وائس چانسلرس نے کہا کہ اسسٹنٹ پروفیسرس کی مخلوعہ 692 جائیدادوں کیلئے بڑے پیمانہ پر درخواستوں کی وصولی کا امکان ہے ۔ لہذا اس قدر بڑی تعداد میں امیدواروں کا مضمون واری سطح پر انٹرویو لینا ممکن نہیں ہے۔ عثمانیہ ، کاکتیہ اور تلنگانہ یونیورسٹیز میں سابق میں تقررات کے موقع پر جو مشاہدات تھے اس کی بنیاد پر وائس چانسلرس نے اسکریننگ ٹسٹ کے انعقاد کی تجویز پیش کی تاکہ کسی بھی تنازعہ سے بچا جاسکے۔ 11 یونیورسٹیز کی 1061 جائیدادوں پر تقررات کے طریقہ کار کو طئے کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں عثمانیہ ، جے این ٹی یو اور بی آر امبیڈکر یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اسسٹنٹ پروفیسرس کی 692 ، اسوسی ایٹ پروفیسرس کی 270 اور پروفیسرس کی 99 جائیدادوں پر تقررات کیلئے علحدہ علحدہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ تین رکنی کمیٹی کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط طئے کرے گی اور کمیٹی کی رپورٹ کو حکومت کی منظوری کے بعد تقررات کا عمل شروع ہوگا۔ یونیورسٹیز میں مخلوعہ جائیدادیں کچھ اس طرح ہیں۔ مہاتما گاندھی یونیورسٹی پروفیسر (10) ، اسوسی ایٹ پروفیسر (15) اور اسسٹنٹ پروفیسر (9) ، پالمور یونیورسٹی پروفیسر (12) ، اسوسی ایٹ پروفیسر (10) ، اسسٹنٹ پروفیسر (41) ، شاتا واہنا یونیورسٹی پروفیسر (9) ، اسوسی ایٹ پروفیسر (16) اور اسسٹنٹ پروفیسر (15) ، تلنگانہ یونیورسٹی پروفیسر (11) ، اسوسی ایٹ پروفیسر (25) ، اسسٹنٹ پروفیسر (23) ۔ بی آر امبیڈکر یونیورسٹی اسوسی ایٹ پروفیسر (3) ، اسوسی ایٹ پروفیسر (7) ، تلگو یونیورسٹی اسوسی ایٹ پروفیسر (1) ، اسسٹنٹ پروفیسر (6) ، کاکتیہ یونیورسٹی اسوسی ایٹ پروفیسر (11) ، اسسٹنٹ پروفیسر (125) ، جے این یو ایف اے، اسوسی ایٹ پروفیسر (5) ، اسسٹنٹ پروفیسر (10) ۔ جے این یو ایچ ، پروفیسر (32) ، اسوسی ایٹ پروفیسر (52) ، اسسٹنٹ پروفیسر (102) اور عثمانیہ یونیورسٹی ، اسوسی ایٹ پروفیسر (121) اور اسسٹنٹ پروفیسر (294) ۔