تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کے نام کا سرقہ قانونی جرم

صدر یونین حسین علی خاں کی مذمت ، تشکیل تلنگانہ پر کانگریس قائدین سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( راست ) : تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کے ایک اجلاس عام نے کل شام اس بات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار ہے کہ ایک غیر معروف جرنلسٹس فورم نے اس کے نام کا سرقہ کیا ہے اور اخباری اطلاعات کے مطابق آندھرا پردیش یونین آف ورکنگ جرنلسٹس نے بھی تلنگانہ علاقے کے لیے یہ نام اپنایا ہے جو غلط ہے ۔ صدر تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس جناب حسین علی خاں المعروف چندر سریواستو نے اپنی نوعیت کے اس پہلے صحافتی سرقہ کی پر زور الفاظ میں مذمت کی اور اسے اخلاقی ، صحافتی اور قانونی جرم قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ یونین 1968 میں قائم کی گئی تھی اور 1993 میں سوسائٹی اور لیبر ایکٹ کے تحت اس کا رجسٹریشن عمل میں آیا اور تب سے یہ کارکرد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طویل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد 2 جون 2014 کو ریاست تلنگانہ قانونی طور پر وجود میں آئے گی ۔ ایسی صورت میں یونین کے عہدیداروں اور اراکین کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے کہ وہ نئی حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھیں اور دیکھیں کہ مختلف طبقات کے ساتھ انصاف کرنے کے جو وعدے کئے گئے ہیں وہ روبہ عمل لائے جائیں ۔ جناب حسین علی خاں نے تلنگانہ کی تشکیل کے سلسلے میں صدر کانگریس شریمتی سونیا گاندھی اور دوسرے تمام قائدین کا جنہوں نے اس مقصد کی خاطر جدوجہد کی اپنے اور یونین کی جانب سے دلی شکریہ ادا کیا ۔۔