تلنگانہ یوتھ کانگریس کمیٹیوں میں اقلیتوں کے لیے جنرل سکریٹریز کے عہدے

اقلیتی نوجوان مقابلہ کے حقدار ، انتخابی بے قاعدگیوں پر تادیبی کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ یوتھ کانگریس کمیٹیوں کے انتخابات کے لیے گرام پنچایت سے ریاستی سطح تک کے عہدوں میں اقلیتوں کے لیے جنرل سکریٹری کا ایک عہدہ محفوظ کردیا گیا ہے ۔ جنرل عہدوں پر بھی دوسرے امیدواروں کے ساتھ اقلیتی قائدین مقابلہ کرنے کے حقدار رہیں گے ۔ 24 جنوری تک یوتھ کانگریس کی رکنیت سازی مہم جاری رہے گی ۔ انتخابی بے قاعدگیوں میں ملوث رہنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے ۔ یوتھ کانگریس انتخابات کے نگران کار مسٹر کے جے راؤ نے گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر و کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر ومشی چند ریڈی ، الیکشن کمشنر انڈین یوتھ کانگریس مسٹر بی ایم سندیپ تلنگانہ کے لیے ریٹرننگ آفیسر پراگ ودہائی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ سکندرآباد اور کریم نگر لوک سبھا یوتھ کانگریس صدور کے عہدے قرعہ اندازی کے ذریعہ ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے لیے مختص کردئیے گئے ہیں اور ساتھ ہی موبائیل کے ذریعہ یوتھ کانگریس کی رکنیت سازی قبول کرنے کے لیے یوتھ کانگریس ایپس کا بھی افتتاح کیا گیا ہے ۔ ماضی میں منعقدہ یوتھ کانگریس کے انتخابات میں لاکھوں روپئے پانی کی طرح بہانے کے سوال پر مسٹر کے جے راؤ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ تمام تحقیقات کے بعد جنرل سکریٹری عہدے کے لیے منتخب ہونے والے ایک قائد کو 6 ماہ کے لیے معطل کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کسی بھی بے قاعدگیوں کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں ۔ ہماچل پردیش کے چیف منسٹر کے فرزند کو بھی بخشا نہیں گیا تھا ۔ صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس مسٹر ومشی چند ریڈی نے بتایا کہ 24 جنوری تک یوتھ کانگریس کی مہم جاری رہے گی ۔ اس کے بعد تنقیح ہوگی اور مارچ میں انتخابات کے لیے اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ پنچایت یوتھ کانگریس کمیٹی 7 ارکان اسمبلی کی یوتھ کانگریس کمیٹی 15 ارکان لوک سبھا یوتھ کانگریس کمیٹی 15 ارکان اور ریاستی یوتھ کانگریس کمیٹی 15 ارکان پر مشتمل رہے گی ۔ ہر کمیٹی میں ایس سی ، ایس ٹی ، او بی سی ، اقلیتوں ، خاتون ایس سی ایس ٹی ( خاتون ) اور معذورین کے لیے جنرل سکریٹری کا ایک ایک عہدہ ( محفوظ ) کردیا گیا ہے ۔ لہذا نوجوان بڑے پیمانے پر کانگریس سے وابستہ ہوں اور یوتھ کانگریس کی رکنیت سازی قبول کرتے ہوئے ملک اور عوام کی خدمات کے لیے آگے آئیں ۔ راہول گاندھی نے این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس میں قائدین اور اثر و رسوخ رکھنے والے قائدین کے بچوں کو نامزد کرنے کی بجائے جمہوری انداز میں انتخاب کے ذریعہ منتخب کرنے کی روایت شروع کی ہے ۔۔