تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی پر زور چیف منسٹر کو واقف کروانے ارکان پارلیمان و اسمبلی اور وزراء کو حکومت سے نمائندگی کا مطالبہ

حیدرآباد یکم / اگست ( سیاست نیوز ) تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اپنے ریاستی عاملہ اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں پنشنرس کے دیرینہ حل طلب مسائل سے چیف منسٹر کو واقف کروانے کی تمام ارکان پارلیمان، ارکان کونسل ، ارکان اسمبلی کے علاوہ ریاستی وزراء اور مشیران ریاستی حکومت سے پرزور اپیل کی گئی ۔ اس سلسلہ میں مسرس کے لکشمیا، صدرنشین اور ٹی سبھاکر راؤ سکریٹری جنرل تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بتایا کہ پنشنرس کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا ریاستی حکومت سے گذشتہ چار سال سے مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ لیکن حکومت پنشنرس کے مسائل کی یکسوئی کو بالکلیہ نظر انداز کردینے کے باعث اب اپنے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے جدوجہد کا راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کی روشنی میں ہی آج تمام ریاستی وزراء ارکان پارلیمان ، ارکان کونسل ارکان اسمبلی اور مشیران حکومت تلنگانہ کو مکتوبات اپیل روانہ کی گئی اور اس بات کی خواہش کی گئی کہ اس اپیل سے چیف منسٹر کو واقف کرواکر پنشنرس کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کروانے میں بھرپور تعاون کی اپیل کی ۔ ان قائدین نے مزید بتایا کہ 7 اگست کو تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اپنے دیرینہ حل طلب مسائل سے ریاستی گورنر کو واقف کروانے کیلئے ایک وفد کی شکل میں گورنر ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کرکے موثر نمائندگی کی جائے گی اور پھر 9 اگست کو تمام پنشنرس سیاہ بیاچس لگاکر تلگوتلی مجسمہ کے پاس احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔