تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن نے جشن منایا

حیدرآباد۔2جون(سیاست نیوز) تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسر س اسوسی ایشن کے زیراہتمام ٹی جی اوز بھون نامپلی میں جشن تلنگانہ تقریب کا انعقاد عمل میںآیا۔ جس میںٹی جی اوز صدر شریمتی وی ممتا کے علاوہ گریٹر حیدرآباد صدر کرشنا یادو‘ سلیم احمد‘ سی پرکاش اور دیگر نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پرصدر ٹی جی اوز شریمتی وی ممتا نے تلنگانہ تحریک کے دوران سرکاری ملازمین کی جانب سے پیش کی گئی قربانیوں کو ناقابلِ فراموش قراردیا۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ سرکاری ملازمین کی42روزہ عام ہڑتال نے تلنگانہ تحریک کو ایک نیا موڑ دیا۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کی بے شمار قربانیوں کے نتیجے میںہی علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ شریمتی ممتا نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لئے پی آر سی اورفٹ منڈ کے اعلان کو ناانصافیوں کا شکار سرکاری ملازمین کے ساتھ انصاف کی پہل قراردیا۔انہوں نے محکموں کی تقسیم اور سرکاری ملازمین کے علاقائی اساس پر تقررات کے مسلئے کو بھی فوری حل کرنے کی حکومت تلنگانہ سے توقع کا اظہار کیا۔انہوں نے مزیدکہاکہ حکومت اور سرکاری ملازمین کے درمیان دوستانہ ماحول کا فروغ ریاست کی ترقی میںحائل روکاٹوں کو دور کرنے کا بہترین ذریعہ بھی ثابت ہوگا۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کی جانب سے مشن کاکتیہ میں مالی تعاون کا بھی اس موقع پر ذکر کیا ۔