تلنگانہ کے 680 عازمین حج بخیر و عافیت جدہ پہنچ گئے

عازمین کی وداعی کے دوران بحالت احرام تلبیہ کی گونج ، روح پرور منظر
حیدرآباد۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی سے آج صبح روانہ ہونے والے عازمین حج کے پہلے دو قافلے بخیر و عافیت جدہ پہنچ چکے ہیں۔ ایرانڈیا کی خصوصی پروازوں سے 680 عازمین حج آج صبح جدہ روانہ ہوئے تھے اور ہندوستانی حج مشن نے ان کے بحفاظت پہنچنے کی حج کمیٹی کو اطلاع دی ہے۔ حج 2015ء کے قافلوں کی روانگی کا آج صبح شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے آغاز ہوا اور پہلے قافلے کو رات 2:30 بجے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے حج ہاؤز سے روانہ کیا جبکہ دوسرے قافلے کو بعد نماز فجر حج ہاؤز سے وداع کیا گیا۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر صبح 6:10 بجے ایرانڈیا نے پہلی اُڑان بھری۔ جبکہ دوسری پرواز 9 بجے روانہ ہوئی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے علاوہ رکن اسمبلی سید عامر شکیل، سیکریٹری اقلیتی بہبود جی ڈی ارونا، مینیجنگ ڈائریکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ، ڈائریکٹر اقلیتی بہبود محمد جلال الدین اکبر، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور دوسروں نے حج ہاؤز کے علاوہ حج ٹرمنل پہنچ کر عازمین حج کے دونوں قافلوں کو وداع کیا۔ اس موقع پر حج ہاؤز اور حج ٹرمنل میں روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ عازمین حج بحالت احرام تلبیہ کی گونج میں روانہ ہوئے۔ سینکڑوں کی تعداد میں ان کے رشتہ داروں اور دوست احباب نے حج ہاؤز اور حج ٹرمنل پہنچ کر وداع کیا۔ دونوں مقامات پر حج کمیٹی کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے اور عازمین حج نے موثر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے مقدس سفر پر روانگی کیلئے مبارکباد دی اور ریاست کی ترقی و خوشحالی اور چیف منسٹر کے سی آر کی صحت کیلئے دعا کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انتظامات کے سلسلے میں حج کمیٹی کو بجٹ جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کی سعادت کا حاصل ہونا یقینی خوش نصیبی ہے جبکہ کئی افراد استطاعت کے باوجود اس سعادت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کوٹہ میں اضافہ کیلئے تلنگانہ حکومت نے مساعی کی۔ محمود علی نے ریاست کی ترقی اور بالخصوص اقلیتوں کی بھلائی کیلئے حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ اقلیتی بہبود کیلئے 1,131 کروڑ روپئے بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد صحت و سلامتی کے ساتھ حجاج کرام کی واپسی کی دعا کی۔ رکن اسمبلی سید عامر شکیل نے کہا کہ چیف منسٹر کی خصوصی دلچسپی اور ڈپٹی چیف منسٹر کی کوششوں کے باعث جاریہ سال بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مزید بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔ سیکریٹری اقلیتی بہبود جی ڈی ارونا نے حج کیمپ کے انتظامات کی ستائش کی اور کہا کہ وہ عازمین حج کی خدمت سے اپنی وابستگی کو خوش قسمتی تصور کرتی ہیں۔ اسپیکر آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے انتظامات کی تفصیلات بیان کیں۔ حج ہاؤز میں تمام عازمین کے ضروری سرکاری اُمور کی تکمیل کی گئی اور ایرانڈیا نے بورڈنگ کارڈس جاری کئے۔ آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ عازمین کو حج ٹرمنل منتقل کیا گیا جہاں ایرانڈیا اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے ان کی رہنمائی کی۔ دونوں قافلوں کی حج ہاؤز سے روانگی سے قبل مفتی محمد عظیم الدین اور مولانا احسن محمد الحمومی نے مخاطب کیا۔ علماء نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ حج کے دوران عبادات پر اپنی توجہ رکھیں اور ہر مرحلے پر صبر و تحمل سے کام لیں۔ عازمین حج نے موثر انتظامات کیلئے حج کمیٹی کے عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا۔ حیدرآباد سے پہلی مرتبہ ایرانڈیا عازمین حج کیلئے خدمات انجام دے رہا ہے اور پہلے دن دونوں فلائیٹس مقررہ وقت پر روانہ ہوئیں۔