حیدرآباد۔29اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے 45منڈلوں میںحکومت کی جانب سے بورویل کی کھدوائی پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔زیرزمین سطح آب میں ہورہی تشویشناک کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ایسے 45 منڈلس کی نشاندہی کی جس میں سطح آب میں تیزی سے گراوٹ ریکارڈ کی جارہی ہے ۔ ضلع میدک کے 12 منڈلوں میں بورویل کی کھدوائی پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ محبوب نگر میں 11منڈلوں میں بورویلس کی کھدوائی کو بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ اسی طرح ضلع نظام آباد میں 10‘ رنگاریڈی میں 7 اور کریم نگر میں 2منڈلوں میں بورویلس کی کھدوائی پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ ورنگل ‘ کھمم اور نلگنڈہ اضلاع کے ایک ایک منڈل کیلئے یہ احکام جاری کئے گئے ہیں ۔ ناکافی بارش کے سبب زیر زمین سطح آب میں ہوئی کمی مستقبل قریب میں تشویش کا باعث بن سکتی ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے بطور احتیاطی اقدامات بورویلس کی کھدوائی کو بند کرنے کا حکم دیا۔حیدرآباد کے اطراف موجود اضلاع میدک ‘ محبوب نگر اور رنگاریڈی میں جملہ 30 منڈلوں میں زیرزمین سطح آب کی کمی کی ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ شہری علاقوں کیلئے بھی تشویشناک ثابت ہوسکتی ہے ۔ محکمہ آبپاشی کی جانب سے اجازت کے بغیر پینے کے پانی کیلئے بورویل کھدوائی کو ممنوع قرار دیئے جانے کے بعد اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ زیر زمین سطح آب میں تک تشویشناک کمی ہورہی ہے۔