تلنگانہ کے 41حجاج کرام کل ممبئی پہنچیںگے

حیدرآباد ۔ 2۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہونے والے 41 حجاج کرام کل رات دیر گئے سعودی عرب سے ممبئی پہنچیں گے ۔ یہ حجاج کرام ممبئی سے حج کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حجاج کرام کی ممبئی سے حیدرآباد واپسی کیلئے دو والوو بسوں کا انتظام کیا گیا ہے اور یہ بسیں کل صبح ممبئی کیلئے روانہ ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ویٹنگ لسٹ کے 43 حجاج کرام کی ممبئی سے روانگی عمل میں آئی تھی ۔ ان میں سے دو مقررہ مدت سے قبل حیدرآباد واپس ہوچکے ہیں۔ 41 حجاج کرام کل رات 12.10 بجے ممبئی پہنچیں گے ۔ انہیں خصوصی بسوں کے ذریعہ صبح میں ایرپورٹ سے حیدرآباد روانہ کیا جائے گا ۔ توقع ہیکہ حجاج کرام شام تک حیدرآباد پہنچ جائیں گے۔ ہر بس میں پانچ رکنی عملہ کو حجاج کی خدمت اور رہنمائی کیلئے رکھا جائیگا ۔ ان میں ایک ڈاکٹر ، میل نرس اور حج کمیٹی کی تین ملازمین شامل ہوں گے ۔ اسی دوران حجاج کرام کے پہلے قافلہ میں ناسازیٔ مزاج کے سبب رک جانے والے دو حجاج آج سعودی ایرلائینس کی شیڈول فلائیٹ سے حیدرآباد واپس ہوگئے۔ کوکٹ پلی کے 60 سالہ خلیل الرحمن کی طبیعت بگڑنے پر انہیں مدینہ منورہ کے دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا ۔ ان کے ہمراہ اہلیہ محترمہ غوثیہ بیگم بھی سفر کو ملتوی کردیا تھا ۔ انہیں انڈین حج مشن میں رکھا گیا اور انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ شیڈول فلائیٹ سے واپسی پر حج کمیٹی کے اسٹاف نے ان کا استقبال کیا۔ حجاج نے واپسی کے موثر انتظامات پر پروفیسر ایس اے شکور سے اظہار تشکر کیا ۔ 41 حجاج کرام کی واپسی کے بعد تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہوئے تمام حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔