تلنگانہ کے 3282 حجاج کرام وطن واپس

11 ویں قافلہ کا صدرنشین اور اسپیشل آفیسر نے استقبال کیا،تین حاجی سعودی عرب میں زیر علاج
حیدرآباد ۔ 17۔ستمبر (سیاست نیوز) فریضہ حج کی تکمیل اور زیارت مدینہ منورہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد تلنگانہ کے 3282 حجاج کرام وطن واپس ہوچکے ہیں۔ عازمین حج کا 11 واں قافلہ آج 2 بجے دن سعودی ایرلائینس کی خصوصی پرواز سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا۔ اس قافلہ میں 300 حجاج کرام تھے۔ یہ قافلہ مقررہ وقت سے 45 منٹ پہلے ہی حیدرآباد پہنچ گیا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خاں اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس کے شکور نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ خصوصی حج ٹرمنل میں دفتری امور کی بآسانی تکمیل کے اقدامات کئے گئے۔ ہر حاجی کو 5 لیٹر زم زم کا کیان حوالے کیا گیا۔ حجاج کرام نے تلنگانہ حج کمیٹی کے ذمہ داروں کو دعائیں دیں اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ حجاج کرام نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موثر انتظامات کئے گئے تھے ۔ اسی دوران پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حجاج کرام کے 25 قافلوں میں 11 قافلے آج تک وطن واپس ہوگئے ۔ 19 ستمبر کی صبح تک تلنگانہ کے حجاج کرام کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ 19 ستمبر کی شام اور 20 ستمبر کے قافلے کرناٹک کے حجاج پر مشتمل ہوں گے۔ 21 ستمبر سے آندھرائی حجاج کرام کی آمد کا آغاز ہوگا۔ آخری دو فلائیٹس تینوں ریاستوں کے حجاج پر مشتمل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ تین حجاج کرام ناسازیٔ مزاج کے سبب سعودی عرب میں زیر علاج ہیں۔ ان میں دو مکہ مکرمہ کے النور ہاسپٹل میں جبکہ ایک مدینہ منورہ کے ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ رنگا ریڈی سے تعلق رکھنے والے جہانگیر علی آپریشن کے بعد النور ہاسپٹل مکہ مکرمہ میں زیر علاج ہیں، ان کی اہلیہ ساتھ میں موجود ہیں۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی نفیسہ بیگم اسی ہاسپٹل میں کوما میں ہیں۔ ان کے بھائی وطن واپس ہوگئے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی خاتون حاجی صالحہ بیگم مدینہ منورہ کے ہاسپٹل میں ہارٹ سرجری کے لئے زیر علاج ہے۔ ان کے فرزند اور دختر مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔ اسی دوران مکہ مکرمہ سے حجاج کرام کے تمام قافلے مدینہ منورہ منتقل ہوگئے ۔ حجاج کرام کا آخری قافلہ 25 ستمبر کو وطن واپس ہوگا۔