تلنگانہ کے 31اضلاع میں دس مہیلا شکتی کیندر قائم کئے جائیں گے

حیدرآباد 24دسمبر(یو این آئی)تلنگانہ کے 31اضلاع میں دس مہیلا شکتی کیندر قائم کئے جائیں گے ۔اس طرح ہر ضلع میں یہ ایک مرکز کام کرے گا تاکہ دیہی خواتین کو بااختیار بنایاجاسکے ۔محکمہ بہبودی خواتین واطفال کے سینئر افسروں کے مطابق تلنگانہ حکومت نے مرکزی حکومت سے خواہش کی ہے کہ ریاست کے 31اضلاع میں 310ایسے مراکز قائم کئے جائیں ،ہر ضلع میں دس ایسے مراکز قائم کرنے کی خواہش کی گئی ہے ۔ایک لاکھ سے زائد آبادی والے شہروں میں یہ مراکز قائم کئے جائیں گے جن میں تلنگانہ کے اضلاع نظام آباد، کریم نگر ، محبوب نگر ، کھمم اور ورنگل بھی شامل ہے ۔محکمہ بہبودی خواتین و اطفال کی ڈائرکٹر وی بوئی نے کہاکہ اس اسکیم کا قومی سطح پر بہتر ردعمل ملا ہے جن کے ذریعہ خواتین کے مسائل کے حل میں بڑی حد تک مدد ملی ہے ۔ابتدا میں حیدرآباد اور نلگنڈہ میں یہ پروگرام شروع کئے جائیں گے جس کے بعد آئندہ مالیاتی سال سے ورنگل ، کھمم اور عادل آباد میں اس کی شروعات کی جائے گی ۔ریاستی سطح پر یہ مراکزموضع ، بلاک اور ریاستی سطح کی خواتین کے لئے اسکیمات کے درمیان ایک رابطہ کاکام کریں گے ۔اس کے ذریعہ خواتین مرکوز اسکیمات کے سلسلہ میں مدد ملے گی اور ضلع کی سطح پر بیٹی بچاو بیٹی پڑھاو پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔