تلنگانہ کے 14آئی پی ایس افسران کو ترقی

جوائنٹ کمشنر حیدرآباد ناگی ریڈی آئی جی اور اکن سبھروال ڈپٹی آئی جی مقرر
حیدرآباد۔/2جون، ( سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے آج 14 آئی پی ایس عہدیداروں کو ترقی دیتے ہوئے احکامات جاری کئے۔1990 انڈین پولیس سرویس (آئی پی ایس) بیاچ سے تعلق رکھنے والے انسپکٹر جنرل رتبہ کے عہدیدار مسٹر گویند سنگھ، مسٹر انجنی کمار اور مسٹر روی گپتا کو ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس رتبہ پر ترقی دی گئی۔ اسی طرح 1997ء آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے مسٹر وجئے کمار، مسٹر وائی ناگی ریڈی، مسٹر ڈی ایس چوہان، مسٹر سنجے کمار جین، مسٹر این سوریہ نارائنا اور مسٹر مرگیش کمار سنگھ جو ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس رتبہ کے عہدیدار ہیں انہیں انسپکٹر جنرل آف پولیس کے رتبہ پر ترقی دی گئی۔ سال 2001ء آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر اکن سبھروال، جی سدھیر بابو، ڈاکٹر ٹی پربھاکر راؤ، سی روی ورما اور مسٹر پی پرمود کمار جو سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رتبہ کے عہدیدار ہیں کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کے عہدہ پر ترقی دی گئی۔