تلنگانہ کے 119 حلقہ اسمبلی کیلئے 1800 امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے

lآج رائے دہی ، مسلم رائے دہندے کثیر تعداد میں ووٹ کا استعمال کریں
lشہر کے حساس علاقوں میں نیم فوجی دستے تعینات ، امیدواروں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر
lچیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر رجت کمار کی نمائندہ سیاست سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : آخر وہ گھڑی آچکی ہے جس کا عوام کو بالخصوص سیاسی جماعتوں کو بڑی بے صبری سے انتظار تھا ۔ کارگذار چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ اسمبلی تحلیل کردینے کے بعد قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا گیا ۔ چار ریاستوں کے ساتھ تلنگانہ میں بھی 7 دسمبر کو رائے دہی ہوگی ۔ تلنگانہ میں شفاف طریقہ سے پرامن طریقے سے رائے دہندوں کے لیے تلنگانہ چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر راجت کمار کی راست نگرانی میں خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ 7 دسمبر کو تلنگانہ بھر میں 119 حلقہ اسمبلی کے لیے 1830 امیدوار اس بار اپنی قسمت آزما رہے ہیں ۔ اپنی کامیابی کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں ۔ کل ملا کر 32 ہزار 480 پولنگ مراکز تلنگانہ میں قائم کئے گئے ہیں ۔ 440 فلائنگ اسکواڈ کے نگرانی میں رائے دیہی ہوگی شہر حیدرآباد کے حساس حلقہ اسمبلی میں نیم فوجی تعینات کئے گئے ہیں تاکہ شہر میں پرامن رائے دیہی ہوسکے ۔ انہوں نے سیاست نیوز کو اپنے خصوصی انٹرویو میں مسلم رائے دہندوں سے پر زور اپیل کی کہ بھاری تعداد میں اپنا ووٹ استعمال کریں ۔ 7 تاریخ کی صبح فجر کی نماز سے اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔ ڈاکٹر رجت کمار نے آج اپنے دفتر پر نمائندہ سیاست شاہنواز بیگ سے ایک خصوصی انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کا استعمال کرنا ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور وہ کثیر تعداد میں اپنا ووٹ کا استعمال کریں ۔ آپ ایسے امیدوار کو چنیں کہ وہ آپ کے لیے کام کرسکے ۔ بنا خوف کے اپنا ووٹ استعمال کریں ۔ ہر پولنگ مراکز پر خصوصی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔ سیاسی قائدین اور امیدواروں کے نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے ۔ جیسا کہ حلقہ یاقوت پورہ ، چارمینار ، نامپلی ، کاروان کے علاوہ ملک پیٹ ، گوشہ محل کے حساس حلقہ اسمبلی پر خصوصی پولیس کو بندوبست کے لیے تعینات کیا گیا ہے ۔ کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آنے کے لیے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اس مرتبہ آزاد امیدوار کی بھاری تعداد میں حلقہ اسمبلی ملکاجگیری سے 44 امیدوار شامل ہیں ۔ جب کہ حلقہ اسمبلی بانسواڑہ سے صرف 4 آزاد امیدوار شامل ہے ۔ حلقہ اسمبلی شیر لنگم پلی سے 5 لاکھ 80 ہزار رائے دہندوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے ۔ جب کہ سب سے کم حلقہ اسمبلی قطب اللہ پور سے ایک لاکھ 30 ہزار ووٹرس ہے ۔ اب تک پولیس کی تلاشی مہم کے دوران 130 کروڑ روپئے پکڑے گئے ہیں ۔ 7 دسمبر کو تلنگانہ بھر میں سرکاری تعطیل کا اعلان کردیا ہے ۔ 11 دسمبر کو نتائج کا اعلان ہوگا اور 11 دسمبر کو بھی پوری ریاست میں سرکاری تعطیل رہیگی ۔۔