امکنہ فراہمی پر حکومت کے اقدامات ، کونسل میں بحث ، اندرا کرن وزیر امکنہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت ریاست میں امکنہ کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور ہر مستحق کو مکان کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ ریاستی وزیر امکنہ مسٹر اندرا کرن ریڈی نے قانون ساز کونسل میں امکنہ کے مسئلہ پر جاری مباحث کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت امکنہ کی تعمیر کے مسئلہ میں حائل ہونے والی رکاوٹوں کو دور کررہی ہے ۔ مباحث کے دوران جناب محمد علی شبیر قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ابھی اسکیم ابتدائی مراحل میں ہے اور اس اسکیم میں بدعنوانیاں و بے قاعدگیاں منظر عام پر آنے لگی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس دور حکومت میں لاکھوں مکانات کی تعمیر کے بعد اب کچھ بدعنوانیاں سامنے آرہی ہیں لیکن آئی ڈی ایچ کالونی سکندرآباد میں تعمیر کیے گئے فلیٹس میں 35 بے نامی تخصیص کے معاملہ نے حکومت کی جانب سے اختیار کردہ کوتاہی کی نشاندہی کرنی ہے ۔ جناب محمد علی شبیر نے تعمیر امکنہ کے معاملہ میں حکومت کو مکمل تعاون کرنے تیار ہیں اور سابقہ بدعنوانیوں کی تحقیقات میں بھی مدد کی جائے گی لیکن حکومت ان لوگوں کی توقعات کو پورا کرے جنہیں فلیٹس یا امکنہ کا وعدہ کیا ہے ۔ قائد اپوزیشن نے مباحث کے دوران کئی امور کی جانب سے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں حکومت کو سابق میں کیا ہوا سے زیادہ مستقبل میں کیا کرنا ہے اس بات پر توجہ دے ۔ جناب سید الطاف حیدر رضوی رکن قانون ساز کونسل نے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی تعمیر کے لیے حیدرآباد کے پرانے شہر میں سلم علاقوں کی اراضیات حاصل کی جارہی ہیں لیکن خالی کرنے والوں کو کوئی طمانیت تحریری طور پر نہیں دی جارہی ہے جو کہ ان کے حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے ۔ انہوں نے حکومت بالخصوص وزیر امکنہ سے خواہش کی کہ وہ اس مسئلہ پر توجہ دیتے ہوئے ضلع کلکٹر کو ہدایت جاری کروائیں کہ جن لوگوں کو خالی کرواتے ہوئے اراضیات حاصل کی جارہی ہیں انہیں تخصیص یا تحریری طمانیت فراہم کریں ۔ جناب محمد علی شبیر نے ریاست میں جاری ڈبل بیڈ روم فلیٹ اسکیم میں تخمینی لاگت کے متعلق دریافت کیا جس پر ریاستی وزیر امکنہ نے بتایا کہ حکومت نے G+9 عمارت کے لیے 8.85 لاکھ روپئے کی تخمینی لاگت مختص کی ہے لیکن کنٹراکٹرس کی عدم دلچسپی کے وجوہات کو دور کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ بی جے پی رکن قانون ساز کونسل مسٹر رامچندر ریڈی کے علاوہ دیگر اراکین نے بھی امکنہ اسکیم پر منعقد ہونے والے مختصر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اسکیم کو مزید موثر بنانے کی خواہش کی اور تجاویز پیش کی گئی ہیں ۔۔