تلنگانہ کے ہر ضلع کی ترقی اور اضلاع کے لیے خصوصی فنڈس کی اجرائی

حیدرآباد۔/17اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ہر ضلع میں ترقیاتی اور فلاحی سرگرمیوں کے سلسلہ میں خصوصی فنڈز کے طور پر 100کروڑ روپئے جاری کئے ہیں اور ہر ضلع کلکٹر کے تحت 10کروڑ روپئے ان سرگرمیوں کیلئے مختص رہیں گے۔ محکمہ فینانس نے چیف منسٹر کی ہدایت پر اس سلسلہ میں آج احکامات جاری کئے۔ کلکٹر کانفرنس کے دوران چیف منسٹر نے ترقیاتی سرگرمیوں کیلئے خصوصی فنڈز کی فراہمی کا تیقن دیا تھا جس کے تحت ہر ضلع کو 10کروڑ روپئے الاٹ کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ اس خصوص فنڈ کے ذریعہ اضلاع میں ترقیاتی سرگرمیوں پر توجہ مبذول کریں۔ اضلاع میں خصوصی فنڈ کے طور پر مالیاتی سال 2015-16کے تحت 376 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے جن میں سے 100کروڑ روپئے آج جاری کئے گئے جبکہ مزید 276کروڑ روپئے کی اجرائی باقی ہے۔