تلنگانہ کے ہر ضلع میں اقلیتی طلباء کیلئے اقامتی اسکول

چوتھی تا انٹر میڈیٹ مفت تعلیم حکومت کا منصوبہ، چیف منسٹرکا جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔/5اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آئندہ دنوں کے دوران تمام ریزیڈنشیل اسکولس ( اقامتی مدارس ) ایک ہی محکمہ کے تحت قائم کرنے (کارکرد رہنے ) کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر حلقہ اسمبلی کیلئے دس، دس اقامتی مدارس رہنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور 12ویں جماعت ( انٹر میڈیٹ ) تک مفت تعلیم فراہم کرنا حکومت تلنگانہ کا اہم مقصد ہے۔ آج یہاں کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے منصوبہ پر ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ریاست تلنگانہ کے ہر ضلع میں اقلیتی طلباء کیلئے ایک ریزیڈنشیل ( اقامتی ) اسکول قائم کرے گی اور ساتھ ہی ساتھ کے جی کے بجائے چوتھی جماعت تا انٹر میڈیٹ تک مفت تعلیم حکومت کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے ریاست میں مختلف محکمہ جات کے تحت چلائے جانے والے اقامتی مدارس کو ایک ہی چھت تلے لانے کیلئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دیں اور کہاکہ ریاست بھر میں جملہ 1190 ریزیڈنشیل اسکولس قائم کرکے 12ویں جماعت ( انٹر میڈیٹ ) تک مفت تعلیم فراہم کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت ہر ایک کیلئے مختلف طریقہ کار اختیار کیا جارہا ہے۔

لہذا آئندہ سے تمام طبقات کے اقامتی مدارس کیلئے ایک طریقہ کے تحت فنڈز فراہم کرکے ایک ہی طرز کی تعلیم اور رہائشی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ فی الوقت ریاست تلنگانہ میں 668 اسکولس قائم ہیں اور مزید 522 نئے اسکولس قائم کئے جانے چاہیئے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقلیتی اقامتی اسکولس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتوں کی آبادی زیادہ رہنے کے باوجود اقلیتی طلباء کیلئے مختص کردہ ہاسٹلس کی تعداد بہت ہی کم ہے۔ ریاست میں 3000 سے زائد ہاسٹلس پائے جانے پر اقلیتی طلباء کیلئے صرف 21 ہاسٹلس ہی پائے جاتے ہیں جس کی روشنی میں حکومت نے ہر ضلع میں ایک نیا اقامتی اسکول ( ریزیڈنشیل اسکول ) اور ایک نیا ہاسٹل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے اجلاس میں کہا کہ اقلیتی طبقہ کی لڑکیاں کثیر تعداد میں ابتدائی سطح کی تعلیم حاصل کرکے اسکول ترک کردیتی ہیں لہذا ان کیلئے خصوصی انتظامات کرکے سہولتیں فراہم کرنے پر وہ ( اقلیتی طبقہ کی طالبات ) بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں گی۔ اس اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر اُمور تعلیم مسٹر کے سری ہری، صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن مسٹر جی چکرا اپنی، مشیر ریاستی حکومت بی وی بابا راؤ، مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں بشمول ریمنڈ پیٹر پرنسپال سکریٹری، شریمتی راجیو رانجن اچاریہ پرنسپال سکریٹری محکمہ تعلیم، پروین کمار، چرنجیولو راجا، سید عمر جلیل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود، مہیش دت، الیکا کمشنر قبائیلی بہبود و دیگر عہدیدار شریک تھے۔