حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے ریاست تلنگانہ کے ہر اسمبلی حلقہ میں 100 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس پر زائد از 800 کروڑ روپئے کے صرفہ کا تخمینہ ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے منظوری کے ساتھ ہی ہر حلقہ اسمبلی ہیڈکوارٹر پر ہاسپٹلس کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کردیا جائے گا ۔ ہاسپٹلس کے قیام کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی تکمیل عمل میں آئی ۔ ریاست میں جملہ 119 حلقہ جات اسمبلی میں سے 65 حلقوں میں ہاسپٹلس موجود ہیں جبکہ مابقی 54 حلقہ جات اسمبلی میں مذکورہ ہاسپٹلس کے قیام کی ضرورت ہے ۔ جن مقامات پر 30 تا 50 بستروں کے ہاسپٹلس ہیں 100 بستروں کے ہاسپٹلس میں تبدیل کیا جائیگا ۔۔