شہر میں بھی ہلکی پھوار ، آج بھی موسم سرد رہنے اور رم جھم کا امکان
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ کے کئی اضلاع میں آج موسلا دھار بارش ہوئی اور بعض مقامات پر ہلکی و اوسط درجہ کی بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں دن بھر ہلکی بارش اور پھوار کا سلسلہ جاری رہا ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ کل بھی تلنگانہ کے تمام اضلاع میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوگی ۔ اسی دوران جنوب مغربی مانسون کے تلنگانہ میں سرگرم ہونے سے کئی اضلاع کے علاوہ ورنگل اور کھمم میں شدید بارش ہوئی ۔ خلیج بنگال پر ہوا کے دباؤ میں کمی کی وجہ سے ساحلی آندھرا اور تلنگانہ میں بارش ہورہی ہے ۔ طوفانی ہوائیں سطح سمندر سے 7.6 کیلو میٹر بلندی پر چل رہی ہیں ۔ اس کے اثر کے تحت تلنگانہ میں بارش ہورہی ہے ۔ حیدرآباد اور پڑوسی علاقوں میں موسم ابر آلود رہے گا ۔ آج دن بھر موسم سرد رہنے کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہنمکنڈہ میں 14.2 ملی میٹر اور حیدرآباد میں 3.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔۔