داخلہ امتحان آن لائن ہوگا، عثمانیہ یونیورسٹی کو ذمہ داری، ٹی ایس کو نسل فار ہائیر ایجوکیشن کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 9 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے تلنگانہ کے جملہ 6 یونیورسٹیوں کے پوسٹ گرائجویٹ (پی جی) کورسیس میں داخلوں کیلئے ’’مشترکہ (کامن) انٹرنس ٹسٹ‘‘ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر سال 2019-20ء تعلیمی سال سے ہی عمل آوری کی جائے گی۔ داخلہ انٹرنس ٹسٹ منعقد کرنے کی مکمل ذمہ داری عثمانیہ یونیورسٹی کو دی گئی ہے۔ کونسل کے ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ تلنگانہ کے چھ یونیورسٹیوں میں عثمانیہ یونیورسٹی، کاکتیہ یونیورسٹی، مہاتما گاندھی یونیورسٹی، پالمور یونیورسٹی، شاتاواہنا یونیورسٹی، تلنگانہ یونیورسٹی، پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی اور جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹیز شامل ہیں اور فی الوقت مہاتما گاندھی یونیورسٹی، پالمور یونیورسٹی، تلنگانہ یونیورسٹی، عثمانیہ یونیورسٹی، پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی کے پوسٹ گرائجویٹ کورسیس میں داخلوں کیلئے عثمانیہ یونیورسٹی، مشترکہ انٹرنس ٹسٹ منعقد کرے گی جبکہ شاتاواہنا یونیورسٹی میں داخلوں کیلئے کاکتیہ یونیورسٹی انٹرنس ٹسٹ منعقد کرے گی۔ اس کے علاوہ جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی علحدہ طور پر انٹرنس ٹسٹ منعقد کرے گی۔ اس طرح الگ الگ انٹرنس ٹسٹ منعقد کئے جانے کی وجہ سے طلباء کو علحدہ علحدہ درخواستیں داخل کرنا پڑتا تھا جبکہ ایک ہی طالب علم دو تین مضامین کیلئے درخواستیں پیش کرنے کی ضرورت پڑتی تھی۔ اس طرح کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نے تمام یونیورسٹیوں میں پوسٹ گریجویٹ کورسیس میں داخلوں کیلئے صرف ایک ہی امتحان منعقد کرنے کی گذشتہ دو سال قبل ہی تجویز پیش کی تھی لیکن اس تجویز پر عمل ممکن نہیں ہوسکا تھا اور اس مرتبہ عثمانیہ یونیورسٹی اور کاکتیہ یونیورسٹی کے اختلاف رائے کو ختم کرکے دونوں میں سمجھوتہ کروایا گیا۔ اس طرح پوسٹ گریجویٹ کورسیس میں داخلہ کیلئے مشترکہ انٹرنس ٹسٹ منعقد کرنے کی راہ ہموار کی جاسکی جس کی روشنی میں اب جملہ 65 مختلف پی جی کورسیس کیلئے ایک ہی ٹسٹ (امتحان) منعقد کیا جائے گا۔ گذشتہ سال عثمانیہ یونیورسٹی پوسٹ گریجویٹ سیٹ (OUPGCET) کا امتحان آن لائن منعقدکیا گیا تھا۔ لہٰذا اس مرتبہ بھی تمام یونیورسٹیوں کیلئے منعقد کئے جانے والے ایک ہی کامن انٹرنس ٹسٹ عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے آن لائن ہی منعقد کرنے کا وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر رامچندرم نے اظہار کیا اور بتایا کہ انہیں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ کامیاب طریقہ کار سے مکمل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں طلباء کو نشست الاٹ کرنے میں بھی کوئی مشکلات پیدا نہیں کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہیکہ منعقد کئے جانے والے کامن انٹرنس ٹسٹ کے شیڈول کو قطعیت دینے کیلئے تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کا ایک اہم اجلاس اندرون ایک ہفتہ طلب کیا جائے گا۔