مختلف پیشہ وارانہ کورسیس کو متعارف کرنے کا مطالبہ ، تلنگانہ ڈنٹسٹس اسوسی ایشن
حیدرآباد ۔ 12 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ ڈنٹسٹس اسوسی ایشن نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ تلنگانہ کے تمام پرائمری ہیلت سنٹرس میں دانتوں کے ڈاکٹروں کو ملازمت فراہم کرے تاکہ ریاست میں تربیت یافتہ ڈاکٹروں کو درپیش معاشی مسائل کے تدارک کو یقینی بنایا جاسکے اور ساتھ ہی ساتھ ریاست میں موجود جابجا دانتوں کے نقلی ڈاکٹروں کی شناخت کرواتے ہوئے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ آج یہاں صدر اسوسی ایشن ڈاکٹر شریمتی پرینکا مرتھنینی نے پریس کانفرنس میں کہا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ ریاست میں ڈینٹل ڈاکٹروں کی حالت انتہائی ناگفتہ ہے ۔ تلنگانہ میں اس وقت ڈینٹل کلینکس کی تعداد کرانہ اور جنرل اسٹورس سے بھی زیادہ ہوگئی ہے اور تربیت یافتہ ڈاکٹرس لاکھوں روپئے صرف کر کے تعلیم حاصل کرنے کے باوجود معاشی بحران کا شکار ہیں اور پرائیوٹ نوکری کرنے پر انہیں ماہانہ 10 تا 15 ہزار کی اجرت حاصل کرنا مشکل ہوگیا ہے جس کے نتیجہ میں ڈینٹل پرائیوٹ پریکٹیشنرس انتہائی کسمپرس کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں اور وہ معاشی بحران کی وجہ سے خود کشی کی راہ اپنانے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ BDS تکمیل کرنے والے دانتوں کے ڈاکٹروں کو MDS پی جی کرنے کے لیے کئی دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ جب کہ حکومت کی جانب سے پی جی کی صرف 7 نشستیں ہی ہیں جس کے نتیجہ میں بی ڈی ایس تکمیل کرنے والوں کے لیے مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ ڈینٹل ڈاکٹروں کے تقررات کے علاوہ ڈینٹل ٹورازم کی ترقی ، ایم ڈی ایس کی نشستوں میں اضافہ ، گورنمنٹ اور پرائیوٹ ڈینٹل کلنکس سے ٹریڈ لائسنس فیس نہ لیا جائے ، گورنمنٹ پی جی ڈپلوما کورس کو فاصلاتی نظام تعلیم سے مربوط کیا جائے ۔ پرائیوٹ ڈاکٹرس کو ہیلت کارڈس کی اجرائی ، خاتون ڈینٹل ڈاکٹرس کو سماجی تحفظ پرائیوٹ کلینکس کے قیام میں خریدے جانے والے آلات پر سبسیڈی کی فراہمی ، اور بینک سے کم شرح سود پر قرض کی فراہمی ، ڈینٹل کونسل آف انڈیا کی شاخ کو فوری تلنگانہ میں قائم کیا جائے ۔ تلنگانہ میں مزید ڈینٹل کالجس کے قیام کی اجازت نہ دی جائے ۔ اس موقع پر اسوسی ایشن قائدین ڈاکٹر جبران خان ، ڈاکٹر غلام کرمانی ، ڈاکٹر محمد ماجد حسین بھی موجود تھے ۔۔