حیدرآباد10دسمبر(یواین آئی)دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے پینے کے پانی اور آبپاشی کے اہم ناگرجناساگر پروجیکٹ کی تعمیر کے 63سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اس پروجیکٹ کی تعمیر کے لئے برطانوی انجینئر کرنل ایلس ، کرنل سیاٹل مارلنگ نے تجویز پیش کی تھی تاہم کھوسلہ کمیٹی کی سفارش پر 17دسمبر1954کو اس وقت کے گورنر تری ویدی نے ناگرجناساگر پروجیکٹ کا اعلان کیا ۔10دسمبر 1955کو اس وقت کے وزیراعظم جواہر لال نہرو نے اس پروجیکٹ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔اس پروجیکٹ کو 1967میں کھول دیا گیا۔اس کی تعمیر پر اُس وقت 132.32 کروڑ روپئے کا صرفہ آیاتھا۔4اگست 1967کو اُس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی نے اس پروجیکٹ سے پانی لفٹ اور رائٹ بینک کنالس کو جاری کیا۔2015میں اس پروجیکٹ کے افتتاح کی ڈائمنڈ جوبلی تقریب منائی گئی تھی ۔اس پروجیکٹ کی بلندی 124میٹر ہے اوراس کی لمبائی1550میٹر ہے ۔اس کے آبگیر علاقے 215,000 مربع کیلو میٹر پر پھیلے ہوئے ہیں۔ناگر جناساگر ڈیم کو دیکھنے کے لئے ہر روز کئی افراد آتے ہیں۔ناگرجناساگر سے روزانہ تقریبا 250ملین گیلن پانی حیدرآباد کے لیے سربراہ کیاجاتا ہے ۔