تلنگانہ کے نائب وزیر اعلی محمد محمود علی برطانیہ،کنیڈااور امریکہ کا دورہ

حیدرآباد 27 اگست (یو این آئی) ریونیو، اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹس میں انتظامی نظام کا تجزیہ کرنے کیلئے تلنگانہ کے نائب وزیر اعلی محمد محمود علی 28اگست سے 11ستمبر تک تین ممالک برطانیہ ‘ کنیڈااور امریکہ کا دورہ کریں گے ۔ وہ لندن کے علاوہ ٹورنٹو ‘ شکاگو اور نیو یارک میں متعلقہ محکمہ جات کے افسروں سے ملاقات کریں گے اور ان ممالک میں مختلف محکمہ جات کے انتظامی امور کا بھی تفصیلی طور پر تجزیہ کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل کی روشنی میں محمود علی کے اس دورہ سے ان مختلف ممالک میں ریونیو ‘ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشنس ڈپارٹمنٹ میں زیر استعمال طریقہ کار کو سمجھنے میں مدد ملے گی تاکہ ان ممالک کے بہتر طریقہ کار کو تلنگانہ کے نئے اضلاع میں نافذ کیا جاسکے کیونکہ حکومت کا ماننا ہے کہ نئے اضلاع کی تشکیل سے انتظامی طور پر حکمرانی میں آسانی ہوگی ۔ محمود علی اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ کے سالانہ کنونشن سے بھی خطاب کریں گے اور اہم شخصیتوں سے ملاقات بھی کریں گے ۔