تلنگانہ کے موظف ملازمین کو بھی سرکاری مراعات دینے کا مطالبہ

کے چندرپرکاش راؤ صدر تلنگانہ اسٹیٹ گورنمنٹ ریٹائرڈ ایمپلائز اسوسی ایشن کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔14مئی(سیاست نیوز)تلنگانہ اسٹیٹ گورنمنٹ ریٹائرڈ ایمپلائز اسوسیشن کے ذمہ داران نے عام ملازمین کی طرح ریٹائرڈ ملازمین کو بھی سہولتیں اور دسویں پی آر سی میں حصہ داری کا مطالبہ کیا۔آج یہاں قدم پریس کلب میں منعقد ہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسوسیشن کے صدرکے چندرپرکاش رائو نے متحدہ ریاست کے موقع پر ریٹائرڈ ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے متعلق حکومت سے کی گئی نمائندگی کا تذکرہ کیا اور کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد میں مساوی حصہ داری کے باوجود ریٹائرڈ ملازمین ہنوز ناانصافی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کی تاریخ ساز عام ہڑتال میں بھی ریٹائرڈ ملازمین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا باوجود اسکے مجوزہ دسویں پی آر سی میں مناسب حصہ داری سے تلنگانہ کے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین محروم ہیں۔ انہوں نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو فراہم کی جانے والے طبی الاونس میںاضافہ اور 43فیصد فٹمننٹ کے متعلق جی او کی اجرائی کا حکومت سے مطالبہ کیا۔