آبادی کے لحاظ سے زونس میں تقسیم کرنے کا منصوبہ ، کڈیم سری ہری کی نگرانی میں کمیٹی کی تشکیل
حیدرآباد 26 جنوری (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست میں ملازمین کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کے عمل کو بہتر بنانے کے لئے آبادی کے تناسب کے اعتبار سے ریاست کو 6 زون میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر کڈیم سری ہری کی زیرنگرانی تشکیل دی گئی کمیٹی نے موجودہ دو زونس میں اضافہ کرتے ہوئے اُسے 6 زونس میں منقسم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت نے صدارتی اعلامیہ کی اجرائی کے لئے ڈرافٹ کی تیاری مکمل کرلی ہے اور کہا جارہا ہے کہ کمیٹی نے نئے اضلاع کی تشکیل کے بعد پیدا شدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اِن زونس میں اضافہ کرنے کی سفارش کی ہے۔ کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ تجویز کے مطابق ریاست کے تمام نئے و پرانے اضلاع کی ازسرنو حدبندی کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اُس سے نمٹنے کے لئے ریاست کو 6 زونس میں تقسیم کیا جانا ناگزیر ہے۔ فی الحال ریاست تلنگانہ 2 زونس میں خدمات انجام دے رہی ہے جس میں ایک زون میں 15 اضلاع ہیں اور دوسرے زون میں 16 اضلاع موجود ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیٹی کی سفارشات کے بعد دونوں زونس میں ازسرنو اضلاع کی تقسیم کے ذریعہ 4 نئے زونس بنائے جائیں گے۔ غیر منقسم ریاست آندھراپردیش میں جملہ 6 زون ہوا کرتے تھے اور اُن کے مطابق ملازمین کی تخصیص و تقسیم عمل میں لائی جاتی تھی لیکن ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد تلنگانہ کے حصہ میں 2 زون رہ گئے ہیں اور حکومت تلنگانہ نے ریاست کے 10 اضلاع کی تنظیم جدید کے ذریعہ اُنھیں31 تک وسعت دے دی ہے اور اِس فیصلے کے بعد مزید اضافی زونس کی ضرورت محسوس ہونے لگی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے موجودہ 2 زونس میں زون 5 اور 6 شامل ہیں۔ غیر منقسم ریاست آندھراپردیش کے زون 5 میں عادل آباد، کریم نگر، ورنگل اور کھمم ہیں جبکہ زون 6 میں حیدرآباد، رنگاریڈی، نظام آباد، محبوب نگر، میدک اور نلگنڈہ شامل ہیں۔ نئے اضلاع کی تشکیل کے بعد حکومت تلنگانہ نے 6 زونس میں ریاست کو تقسیم کرنے اور ہر زون میں 5 اضلاع رکھنے کا منصوبہ تیار کیا ہے جوکہ آئندہ ماہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی موجودگی میں قطعیت دے دیا جائے گا۔ کابینی سب کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ سفارشات و تجاویز کا کابینہ میں جائزہ لینے اور منظوری فراہم کرنے کے بعد اُسے صدارتی اعلامیہ کی اجرائی کے لئے صدرجمہوریہ مسٹر رامناتھ کووند کو روانہ کردیا جائے گا۔