تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیش قیاسی

محبوب نگر اور ونپرتی میں زائد درجہ حرارت ریکارڈ
حیدرآباد ۔ 18۔ اپریل (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں 21 اپریل تک موسمی تبدیلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی اور اوسط بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق تلنگانہ کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کا خطرہ برقرار رہے گا۔ 40 تا 50 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ عادل آباد ، نرمل ، نظام آباد ، کریم نگر ، سرسلہ ، سنگا ریڈی ، میدک ، سدی پیٹ ، حیدرآباد ، میڑچل ، بھونگیر ، وقار آباد ، رنگا ریڈی ، محبوب نگر ، ونپرتی ، گدوال ، جگتیال اور ناگر کرنول میں ہلکی اور اوسط بارش کی پیش قیاسی کی گئی۔ دوسری طرف ونپرتی ضلع کا مدن پور علاقہ اور محبوب نگر ضلع میں ماچن پلی میں شدید گرمی ریکارڈ کی گئی۔ یہ مقامات تلنگانہ کے ان 10 علاقوں میں ہیں جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ پدا پلی ضلع کے راما گنڈم میں 41.9 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ سوریا پیٹ اور نلگنڈہ کے بعض علاقوں میں 41.7 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت رہا۔