تلنگانہ کے محکموں کی تقسیم میں تاخیر سے ریاست کی ترقی میں رکاوٹ

ٹی آر سی کا مذاکرہ، اے کے گوئل مشیر تلنگانہ حکومت برائے منصوبہ و توانائی کا خطاب
حیدرآباد۔26اپریل(سیاست نیوز) مشیر تلنگانہ حکومت برائے پلاننگ وانرجی ‘ ریٹائرڈ ائی اے ایس مسٹر اے کے گوئل نے تلنگانہ کے محکموں کی تقسیم میںتاخیر کو ریاست کی ترقی میںسب سے بڑی رکاوٹ قراردیا۔ چندرم حمایت نگر میں تلنگانہ محکموں کی تقسیم میں درپیش مسائل کے عنوان پر منعقدہ تلنگانہ ریسور س سنٹر 171ویں مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گوئل نے کہاکہ متحدہ ریاست کے قیام سے ہی تلنگانہ کے سرکاری ملازمین انصاف کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اور اب تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے باوجود تلنگانہ کے سرکاری ملازمین ہنوز انصاف سے محروم ہیں۔ انہوں نے محکمہ آرٹی سی کے بشمول دیگر محکموں کی تقسیم میںتاخیر کے سبب پیدا ہونے والے مشکلات اورسرکاری ملازمین کو درپیش مسائل کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہاکہ غیر تقسم شدہ محکموں سے حاصل ہونے والی آمدنی اور محکموں کو دئے جانے والے مراعات سے تلنگانہ کے سرکاری ملازمین محروم ہیں۔انہوں نے تلنگانہ کے محکموں کی تقسیم کو تعطل کاشکار بنانے کا مرکز پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تقسیم میں تاخیرریاست کی ترقی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ انہو ںنے کہاکہ تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کو محکموں کی عدم تقسیم کے سبب آندھرا علاقوں میں کام کررہے ہیں ان کے ساتھ ناانصافی کی بے شمار شکایتیں بھی سامنے آرہی ہیں۔ مسٹر ایم ویدا کمار چیرمن تلنگانہ ریسور س سنٹر کے علاوہ ٹی وویک‘ سدھاکر گوڑ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔