کمشنر پولیس ، انٹلی جنس چیف اور سینئیر آئی پی ایس عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔28 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے متوقع چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے چیف منسٹر کا حلف لینے سے قبل ہی باقاعدہ طور پر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے سرکاری کام کاج کا آغاز کردیا ہے۔ کے سی آر نے آج کمشنر سٹی پولیس انوراگ شرما انٹلیجنس چیف مہیندر ریڈی اور سینئر آئی پی ایس عہدیدار شیودھر ریڈی کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے امن و ضبط کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ کے نئے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ کیلئے انوراگ شرما کے نام پر غور کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ انٹلیجنس چیف کے عہدہ پر شیو دھر ریڈی کے تقرر کا امکان ہے۔
چونکہ انوراگ شرما سے زیادہ سینئر پولیس عہدیدار موجود ہیں جو ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ کی دوڑ میں ہیں لہذا کے سی آر اعلیٰ عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں مشاورت کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ کیلئے سنیاریٹی کے اعتبار سے جو عہدیدار سرفہرست ہیں ان میں ارونا بہوگنا ، ایس اے ہدیٰ اور اے کے خاں شامل ہیں۔ کے سی آر حکومت اگر کسی جونیئر عہدیدار کو ڈی جی پی مقرر کرتی ہے تو یہ معاملہ سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل سے رجوع ہوسکتا ہے۔ پولیس کے دیگر اہم عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں بھی کے سی آر مختلف عہدیداروں کے ناموں کی فہرست تیار کرچکے ہیں۔