حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( آئی این این ) : بی جے پی کے سینئیر قائد سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے آج بتایا کہ تلنگانہ کے لیے پارٹی کا انتخابی منشور آئندہ دو دن میں جاری کیا جائیگا ۔ یہاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے ودیا ساگر راو نے کہا کہ بی جے پی نے تلنگانہ کی ترقی کو ترجیح دی ہے ۔ اس کے علاوہ نئی ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے درکار اقدامات پر توجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے منشور میں سماج کے تمام طبقات کی ضرورتوں کا احاطہ کیا جائے گا ۔ تلگو دیشم پارٹی کے ساتھ امکانی اتحاد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی کے چند قائدین بی جے پی کے قومی ترجمان پرکاش جاویڈکر کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور منگل کی شام تک اس میں مزید بات سامنے آئے گی ۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تلگو دیشم ، بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرے گی تاکہ ووٹوں کی تقسیم کو روکا جائے اور تلنگانہ میں خود کو مستحکم کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے کئی علاقوں میں تلگو دیشم کے کیڈر اور طاقت میں کمی ہے اس لیے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے یہ اس کمی کو پورا کرسکتی ہے ۔۔