تلنگانہ کے قیام پر کانگریس چھوڑ دینے کا اعلان

حیدرآباد /11 فروری (سیاست نیوز) رائلسیما سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزیر قانون ای پرتاپ ریڈی نے کہا کہ اگر علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی گئی تو چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کے بشمول ہم سب پارٹی سے مستعفی ہو جائیں گے۔ انھوں نے ریاست کی تقسیم کے معاملے میں کانگریس ہائی کمان کے رویہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انھیں کانگریس پارٹی میں رہنے پر شرمندگی محسوس ہو رہی ہے، کیونکہ پارٹی ہائی کمان نے سیما۔ آندھرا کے کانگریس قائدین اور عوام کو یکسر نظرانداز کرکے تلنگانہ ریاست تشکیل دے رہی ہے، جس کی کانگریس کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

انھوں نے کہا کہ تقسیم ریاست کے بل میں سیما۔ آندھرا کے مفادات کی وضاحت نہیں کی گئی اور نہ ہی پانی، ملازمت اور غریبی کے خاتمہ کی اسکیمات کی صراحت کی گئی، جب کہ ریاست کی تقسیم سے سب سے زیادہ نقصان علاقہ رائلسیما کو ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی ریاست کی تقسیم روکنے کے لئے ہرممکن کوشش کر رہے ہیں، جب کہ پارٹی ہائی کمان کا رویہ تکلیف دہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا کے عوام میں کانگریس کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے، جب کہ ہم منتخب عوامی نمائندے ہیں، پارٹی نے ہمیں صرف ٹکٹ دیا ہے اور عوام نے ہمیں ووٹ دے کر کامیاب بنایا ہے، لہذا عوامی جذبات کو پیش کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔